ملک میں انصاف میسر ہو تو عوام بندوق والوں کے ساتھ نہیں اچھے سلوک والوں کے ساتھ ہوتے ہیں‘محمد ثروت اعجاز قادری

طیب اردگان کی حکومت خلاف بغاوت کرنے والے اسلام دشمن ہیں ،عوام نے طیب اردگان کی جس طرح حمایت کی اس کی کوئی مثا ل نہیں ملتی

پیر 18 جولائی 2016 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء ) سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ترکی میں عوام نے غیر ضروری اور غیر جمہوری انقلاب کو مسترد کر دیا ہے،جب ملک میں انصاف میسر ہو تو عوام بندوق والوں کے ساتھ نہیں بلکہ اچھے سلوک والوں کے ساتھ ہوتے ہیں،طیب اردگان کی حکومت خلاف بغاوت کرنے والے اسلام دشمن ہیں ،عوام نے طیب اردگان کی جس طرح حمایت کی اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ،اردگان اپنے عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مر کزی رہنما محمد شاداب رضا نقشبندی ،صوبائی رہنما ڈاکٹر عمران مصطفی ،مو لانا مجاہد عبد الرسول خان سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ثروت اعجاز قادری نے کہاکہ امریکہ مسلم ریاستوں کو غیر مستحکم کرنے کے منفی سازشوں میں مصروف ہے ۔

(جاری ہے)

ایک طرف طیب اردگان کی حمایت تو دوسری طرف ترک باغی گولن کو امریکہ میں پناہ امریکی منافقت کی بد ترین مثال ہے۔

امریکہ کو اپنا مکروہ چہرہ اور منافقانہ رویہ تبدیل کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ طیب اردگان کو اسلام اور جمہوریت پسندی کی سزا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اردگان اسلام کے سچے سپاہی اور عاشق رسول ﷺ ہیں ۔اردگان نے کسی یہودی اور امریکی کے سامنے سر نہیں جھکایا ۔امریکہ اور اس کے حواری ترکی میں اپنا غلام حکمران چاہتے ہیں جس بنیاد پر انہوں نے بگاوت کی ساز ش کروائی۔اردگان اپنے ملک کے عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں ۔بندوق کے زور پر اردگان کی منتخب جمہوری حکومت کو نہیں ہٹا یا جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ تک منتخب حکومت کے کلاف کسی بھی غیر جمہوری اور غیر آئنی اقدام کی مخالفت کریں گے۔