ترکی میں حکومت نہیں گڈ گورننس کی فتح ہو ئی،نواز مودی دوستی سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچ رہا ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا

دھاندلی زدہ جعلی جمہوریت کا ترکی سے موازنہ درست نہیں ،(ن) لیگ کو آزاد کشمیر کے الیکشن میں جھرلو نہیں پھیرنے دیں گے

پیر 18 جولائی 2016 20:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ترکی میں حکومت نہیں گڈ گورننس کی فتح ہو ئی ہے،،نواز مودی دوستی سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچ رہا ہے،دھاندلی زدہ جعلی جمہوریت کا ترکی سے موازنہ درست نہیں ،(ن) لیگ کو آزاد کشمیر کے الیکشن میں جھرلو نہیں پھیرنے دیں گے،جنرل راحیل شریف پوری قوم کے دل کی دھڑکنوں میں بستے ہیں، حکومت کے خلاف طبل جنگ بجنے والا ہے،حکومت مخالف تحریک کا مرکز لاہور ہو گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے سمن آباد میں سنی اتحاد کونسل لاہور کے سیکرٹری اطلاعات رانا حسیب احمد کی رہائشگاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوں کے خلاف مہلک ہتھیار استعمال کررہا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر کی تحریک آزادی میں نوجوانوں نے نئی جان ڈال دی ہے جو منطقی انجام تک ضرور پہنچے گی۔ آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی توتحریک آزادی پز منفی اثر پڑے گا۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے حکمرانوں میں زمین اور آسمان کا فرق ہے۔ہمارے وزیر اعظم بھی ترکی کے عوام دوست حکمرانوں کی طرح عوام کی خدمت کا راستہ اختیار کریں۔ فرسودہ استحصالی نظام کی وجہ سے ملک بدحالی کا شکار ہے۔حکومت کو مسئلہ کشمیر عالمی فورمز پر اٹھانا چاہیئے۔مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جر أت مندانہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ترکی میں بغاوت کی ناکامی سے سبق ملتا ہے کہ حکمران دیانت دار او ر خدمت گار ہوں تو قوم باغیوں کے ٹینکوں کے آگے لیٹ جاتی ہے۔ترک عوام نے فوجی بغاوت کی کوشش ناکام بناکر نئی تاریخ رقم کی ہے۔متحدہ اپوزیشن حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹائے گی۔ مارشل لاء کا واویلا کرنے والے اپنی چوریاں چھپانا چاہتے ہیں۔