مودی کے یاروں کے مقابلے میں 21 جولائی کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں فتح بھٹو شہید اور بے نظیر کے جیالوں کی ہوگی ‘ اورنگزیب برکی

دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے والوں کو سرکاری خزانہ سے فنڈنگ کی جار رہی ہے ‘پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن کی گفتگو

پیر 18 جولائی 2016 18:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اورنگزیب برکی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے پہاڑ ڈھانے والے مودی کے یاروں کے مقابلے میں 21 جولائی کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں فتح بھٹو شہید اور بے نظیر کے جیالوں کی ہوگی اور پیپلز پارٹی آزاد خطہ میں ایک بار پھر حکومت قائم کریگی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت وفاقی حکومت کے تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑ رہی اور اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے موجودہ الیکشن سے کشمیر کا مستقبل وابستہ ہے اور ہماری مخالف جماعتوں کے پاس کوئی کشمیر پالیسی نہیں اس وقت ملک کی خارجہ پالیسی پست ترین سطح پر ہے دہشت گردوں کو سپورٹ کرنے والوں کو سرکاری خزانہ سے فنڈنگ کی جار رہی ہے حکومت کے جھوٹ اور کرپشن نے قوم کو دیوار سے لگا دیا ہے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن لیڈر کا کردار سنبھالتے ہوئے اس وقت عوام کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف ایک بھرپور عوامی تحریک کا آغاز ہونے جا رہا ہے ۔ اور حکومت اپنے احتساب اور عوام کے شدید ردعمل سے بچنے کے لیے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔ عوام کی غربت ، تعلیمی پسماندگی دور کرنے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی جیسے منصوبے ترک کر کے شریف برادران قوم کے خون پسینے کی کمائی میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے شاہانہ اور بے مصروف غیر ضروری منصوبوں پر لٹا رہے ہیں جہاں سے انہیں بھاری کمیشن اور انکے کارخانوں کا لوہا کھپ رہا ہے پورا ملک اس وقت عملاً کمیشن ایجنٹوں کے ہاتھ یر غمال بنا ہوا ہے۔

امریکی پالیسی سے لیکر افغان اور انڈیا پالیسی تک ہر محاذ پر حکومت کو ناکامی کا سامنا ہے حقیقت یہ ہے کہ ہمارے پڑوسی تک ہم سے ناراض ہیں لیکن غیر سنجیدگی کا عالم یہ ہے کہ وزیر اعظم طویل عرصہ تک اپنے منصب سے غائب رہے اور ملک کا سارا نظام و نسق برباد ہو کر رہ گیا۔ اورنگزیب برکی نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی موجودہ حکمرانوں کی اسی بے حسی اور غیر سنجیدگی کے بعد ملک بھر کے عوام سے رجوع کر ہی ہے جو حکومت کو ایک آنکھ نہیں بھا رہی (ن) لیگی حکومت حسب روایت ہر طرح کے اوچھے ہتھکندے استعمال کر کے پیپلز پارٹی قیادت اور اس کے کارکنوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کر ہی ہے۔ باوجود اسکے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں عبرناک شکست ہو گی۔