عوامی تحریک کا وفد کل اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کریگا

پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے باعث حکومت کی اخلاقی اتھارٹی ختم ہو گئی‘خرم نواز گنڈاپور 31 جولائی کے اجلاس کے انتظامات مکمل،دعوت نامے تقسیم کیے جارہے ہیں ‘ترجمان پاکستان عوامی تحریک

پیر 18 جولائی 2016 18:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کا وفد کل 19 جولائی کو ٹی او آرز اور دیگر قومی ایشوز کے حوالے سے اپوزیشن کی طرف سے بلائے جانے والے اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد جائے گا۔ وفد سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں اجلاس میں شرکت کرے گا۔ وفد کے دیگر اراکین میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ ، صوبائی صدر بشارت جسپال ،نوراﷲ صدیقی اور ساجد بھٹی شامل ہیں۔

اس حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ موجودہ حکومت پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤان کے باعث حکومت کرنے کی اخلاقی اتھارٹی کھو چکی ہے۔ وزیراعظم اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کا اس وقت کوئی والی وارث نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کا تقرر ہو یا سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہو، مردم شماری ہو یا بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ ہر مسئلہ پر حکومت ناکام ہے۔

اس وقت قوم اپوزیشن کی طرف دیکھ رہی ہے اپوزیشن کو مشاورت کے ساتھ فی الفور لائحہ عمل تشکیل دینا ہو گا ورنہ ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک آج کے اجلاس میں احتساب اور حکومت سے جان چھڑانے کی قابل عمل تجاویز دے گی۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نوراﷲ صدیقی نے کہا کہ 19 جولائی کے اجلاس کے بعد اپوزیشن قیادت کا ایک اہم اجلاس سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زیر صدارت31 جولائی کو لاہور میں ہو گا جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 31 جولائی کے قومی مشاورتی اجلاس کا ایجنڈا تیار اور دعوت نامے تقسیم کیے جارہے ہیں۔