بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کو مضبوط اور منظم کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے‘ مخدوم احمد محمود

وزیر اعظم کو پانامہ لیکس میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے خود ہی رضاء کارانہ طور پر سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا اعلان کر دینا چاہیے

پیر 18 جولائی 2016 18:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی کو مضبوط اور منظم کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے، وزیر اعظم نواز شریف کو پانامہ لیکس میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے خود ہی رضاء کارانہ طور پر سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا اعلان کر دینا چاہیے تاکہ ملک میں جاری بحران ختم ہو سکے پوری قوم کشمیر کے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہے آج بلاول بھٹو بھارتی حکمرانوں کو للکار رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز جنوبی پنجاب کی کوارڈینیشن کمیٹی کا ا جلاس منعقد ہوا ہے جس میں تنظیم سازی کے سلسلے میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں جنوبی پنجاب کے عوام آج بھی تمام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں حکمران عوام کو دھوکہ دینے کے لیے جنوبی پنجاب کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہیں مگر فنڈز جاری نہیں کیے جاتے وسیب کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے پیپلز پارٹی جدوجہد کا آغاز کر چکی ہے بہت جلد عوام کی حمائیت سے حکمرانوں کیخلاف کامیاب تحریک کا آغاز کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کو منعقد ہوئے تقریبا آٹھ ماہ ہونے کو ہیں۔ مگر حکومت پنجاب بلدیاتی سیٹ اپ چلانے اور اختیارات کی منتقلی میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ حکمران جماعت کے ممبران پارلیمنٹ کسی صورت بھی بلدیاتی اداروں کے اختیارات منتقل کرنا نہیں چاہتے۔ ملک میں مہنگائی بے روز گاری اور لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے آزاد کشمیر میں وفاقی حکومت دھونس اور دھاندلی کے ذریعے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے مگر باشعور عوام وفاقی حکومت کے تمام ہتھیکنڈوں کو ناکام بنا دینگے۔

دریں اثناء پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن اور جنوبی پنجاب کی کوارڈینیشن کمیٹی کے سیکرٹری عبدلقادر شاہین نے کہا کہ ملک کے اندر جمہوریت کی خاطر اپنی زندگی کا قیمتی نذرانہ پیش کرنے والی محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ہم حکمرانوں پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی مزدور دوست جماعت عوامی حقوق پر سودے بازی نہیں کرنے دیگی۔

عوام کی خدمت ہمارااولین مشن ہے ہم اقتدار نہیں پسے ہوئے طبقات کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ کیونکہ موجودہ حکومت نے اپنے تین سالہ اقتدار میں عوام کا سکھ چین برباد کر دیا ہے۔ مہنگائی لاقانونیت عروج پر پہنچ کی ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں رہا۔ ہر طرف بدامنی و بدانتظامی کی انتہاء اور حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔