Live Updates

عمران خان کی ہوس اقتدار کی بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے،پاکستان پیپلزپارٹی

فوج کے اقتدار پر قبضہ کر لینے کی صورت میں مٹھائیاں بانٹنے کا بیان شرمناک اور غداری کے زمرے میں آتا ہے،ارکان قومی اسمبلی

پیر 18 جولائی 2016 18:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی اراکین قومی اسمبلی شگفتہ جمانی، شاہدہ رحمانی اور شازیہ مری نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے اپنی پارٹی کے انتخابی جلسے میں سرعام داغے جانے والے مضحکہ خیز بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کھلے عام فوج کو جمہوریت کا بستر گول کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر فوج نے اقتدار پر قبضہ کر لیا تو عوام خوشی کے مارے مٹھائیاں تقسیم کرینگے۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو بھی کرکٹ کا کھیل سمجھ رکھا ہے کہ جتنی چاہو بال ٹیمپرنگ کر لو۔ اس مضحکہ خیز بیان سے ان کی سیاسی عدم بلوغت بے نقاب ہوچکی ہے اور عمران خان کی ہوس اقتدار کی بلی پوری طرح تھیلے سے باہر آچکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب سرعام بینر لگا کر پاک فوج کے سربراہ کو اقتدار پر قبضہ کرنے کی اپیل کرنے والے موو آن پارٹی کے سربراہ کامران پر غداری ایکٹ کے تحت مقدمہ قائم کیاجاسکتا ہے تو عمران خان کو کیوں استثنا حاصل ہے حالانکہ انہوں نے بھی وہی جرم کیا جو موو آن پارٹی کے سربراہ نے کیا۔

انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت اور جس سے چاہے اختلاف رکھیں لیکن یاد رکھیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی صورت بھی جمہوریت پر سودے بازی نہیں کریگی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات