پنجاب میں 14 اگست کو یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کے لیئے کمیٹی تشکیل

پیر 18 جولائی 2016 17:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 جولائی ۔2016ء) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب و پارلیمانی سیکرٹری انفرمیشن و کلچر رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق صوبہ بھر میں 14 اگست کو یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کا حتمی پروگرام مرتب کر نے کے سلسلہ میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ یوم آزادی کی یہ تقریبات یکم اگست سے ہی شروع ہو جائیں گی۔

یونین کونسل ، تحصیل ، ضلع اور صوبائی سطح پر سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز میں تقریری و تحریری مقابلے، سپورٹس اور سیمنارز، سمپوزیمز،مشاعرے، ملی ترانوں و مصوری کے مقابلے، قومی پرچم لہرانے اور قومی ترانہ پڑھنے کی تقاریب اور میڈیا پراس روز کی مناسبت سے خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

جن میں تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کرنے والے مشاہیر کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

صوبہ کا ہر ضلع بھی اپنی مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا فلو ٹ بھی تیار کرے گا۔اضلاع کی سطح پر مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے والے افراد کو سند فضیلت عطا کی جائیگی۔ یوم آزادی پر موجودہ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، عوام دوست اقدامات اور پالیسیوں سے بھی عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ اس امر کا اظہار انہوں نے آج مسلم لیگی ورکروں سے ملاقات میں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف 23مارچ کی کامیاب تقریبات کی طرح 14اگست کایوم آزادی کا دن بھی شاندا ر طریقے سے منانے کے متمنی ہیں اور اس مقصدکیلئے انہوں نے ایک سٹیئر نگ کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس حوالے سے یوم پاکستان کی تمام تر تیاریوں کی رپورٹ پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہمارے بزرگوں کی عظیم قربانیوں اورقیام پاکستان کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے گمنام مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ تجدید عہد اور پاکستان کو قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر بنانے کے عزم کے اظہار کا دن بھی ہے ۔

زندہ قومیں اپنے قومی دنوں کو دھوم دھام سے مناتی ہیں۔ اگلے ماہ یوم آزادی کے حوالے سے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ خصوصاً نوجوان طبقے کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موقع کی مناسبت سے پنجاب حکومت کے تمام محکمے وطن سے محبت کے اظہار کیلئے خصوصی پروگرام کریں گے۔محکمہ آرکائیو تحریک پاکستان کے حوالے سے نادر تصاویر اور یادگار اشیا ء کی نمائش کرے گا۔

پبلک لائبریریز میں خصوصی تقاریب ہوں گی جن میں مطالعہ کاذوق و شوق رکھنے والے افراد کوسراہا جائے گا۔ ضلعی او ر ڈویژنل کی سطح پر تیا ر کیے جانے والے فلوٹس 4اگست تک نمائش کیلئے تیار کر لیے جائیں گے۔ یونین کونسل کی سطح پر نہ صرف قومی پرچم لہرائے جائیں گے بلکہ ساتھ ہی ایک بڑے برقی فلیکس پر متعلقہ یونین کونسل میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا بھی ذکر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سیاسی کارکن بھر پور انداز میں جشن آزادی منانے کی تیاری کریں او ر ان تقریبات میں بھر پور حصہ لیں ۔

متعلقہ عنوان :