کشمیر پاکستان ،پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے،بھارت نے گزشتہ 69برس سے کشمیریوں کو ان کے عالمی سطح پرتسلیم شدہ پیدائشی حق ، حق خودارادیت سے محض طاقت کے بل بوتے پر محروم کر رکھا ہے،مگر کشمیری عوام بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی مذموم سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، صدر ، وزیراعظم، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر کے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر پیغامات

پیر 18 جولائی 2016 17:01

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) صدرآزادجموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان ،وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید اور وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان اور پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔بھارت نے گزشتہ 69برس سے کشمیریوں کو ان کے عالمی سطح پرتسلیم شدہ پیدائشی حق ، حق خودارادیت سے محض طاقت کے بل بوتے پر محروم کر رکھا ہے ۔

لیکن کشمیری عوام بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی اس مذموم سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں کیا۔صدر آزادجموں وکشمیر نے کہا کہ 19جولائی 1947کا دن کشمیر کی تاریخ کا اہم باب ہے 69برس قبل آج ہی کے دن سرینگر میں قرارداد الحاق پاکستان منظور کی گئی ۔

(جاری ہے)

تقسیم ہند کے فارمولے کے تحت ریاستوں کا فیصلہ استصواب رائے کے ذریعہ ہونا تھا ۔

بھارت کی درخواست پر اقوام متحدہ نے یہ فیصلہ کیا تھا لیکن بعد کے واقعات شاہد ہیں کہ بھارتی حکمران اپنے وعدہ سے مکمل طور پرمنخرف ہو گئے جس کے نتیجے میں حق خوداراردیت کی تحریک کا آغاز ہوا جو آج بھی اسی تسلسل سے جاری ہے ۔ 19جولائی 1947کو کشمیریوں کی اعلیٰ قیادت کے تاریخ ساز فیصلے نے جدو جہد آزادی کا رخ جس منزل کی طرف موڑا تھا اسی عظیم مقصد کے حصول کیلئے آج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری بھارت کی 8لاکھ سے زائد فوج کے آگے سینہ سپر ہیں ۔

اور اقوام عالم میں ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر پاکستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اتحاد و اتفاق پیدا کریں۔ میں اس موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی مضبوطی اور استحکام کیلئے نظریہ الحاق پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آج آزاد جموں و کشمیر کے طول و عرض میں الحاق پاکستان کا دن منایا جا رہا ہے ۔ یہ دن ہمارا قومی دن ہے ۔ اس دن کوہر سال مقبوضہ کشمیر کے عوام اور مہاجرین مقیم پاکستان بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے روایتی جوش و جذبہ کے ساتھ مناتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یوم الحاق پاکستان ہم اس لیے بھی مناتے ہیں کہ اس قرارداد کی تجدید عہد ہو جو ہمارے بزرگوں نے 19جولائی1947کو منظور کی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کا بھرپور ساتھ دیا ہے جو انکی کشمیریوں کے ساتھ جذباتی وابستگی کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ سپہ سالار پاک فوج جنرل راحیل شریف کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف سے لائن آف کنٹرول کے اُس پار تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے برسر پیکار کشمیریوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

پوری کشمیری قوم جنرل راحیل شریف کو اس موقع پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ریاست جموں و کشمیر کے نہتے عوام پرظلم وستم ڈھا رہا ہے لیکن وہ آج بھی اپنی آہنی طاقت کے باوجود کشمیریوں کو اپنے مقصد سے ایک انچ بھی نہیں ہٹا سکا۔مسلمانان ریاست اپنی تقدیر کا فیصلہ کر چکے ہیں اوران کی منزل و محور پاکستان ہے ۔ آج سے69 سال قبل کشمیری عوام نے اپنی قسمت پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا جو تاریخ ساز فیصلہ کیا تھا وہ اس میں ضرور کامیاب ہوں گے اور کشمیر یوں کو ان کا بنیادی حق ، حق خوداردیت ضرور ملے گا ۔

وزیر اطلاعات سردار عابد حسین عابد نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں جو کشمیریوں کی مرضی کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی مدد کر رہی ہے ۔ جبکہ بھارت مسئلہ کشمیر حل کرنے کے بجائے اس کو مزید الجھا رہا ہے ۔بھارت کو چاہیے کہ وہ اپنی روایتی ہٹ دھرمی چھوڑ کر مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل نکالنے کے لیے اپنا کردار ادار کرے۔میں اس موقع پر کشمیری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ یوم الحاق پاکستان اس عہد کی تجدید کے ساتھ منائیں کہ ریاست جموں و کشمیر کی مکمل آزادی اور اسے پاکستان میں شامل کرنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔