پرائس ویری ایشن کی مد میں ٹھیکداروں کو خلاف ضابطہ 32کروڑ کی اضافی ادائیگی،تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

پیر 18 جولائی 2016 16:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب میں سنگین نوعیت کی بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لاہور اور گوجرانوالہ میں پرائس ویری ایشن کی مد میں32کروڑ کی خلاف ضابطہ اضافی ادائیگیوں پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروا دی ۔

اپنی تحریک التوائے کار میں انہوں نے کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایگریمنٹ کی شق کے مطابق کسی بھی سرکاری منصوبے میں ٹھیکیدار کوتعمیراتی میٹیریل کی قیمتوں میں اضافہ اسی صورت ادا کیا جاتا ہے جبکہ ٹھیکیدار اسی مہینے مذکورہ تعمیراتی میٹیریل سرکاری منصوبے پر استعمال کرچکا ہو تاہم لاہور اور گوجرانوالہ میں سی اینڈ ڈبلیو کے انجینئروں کی مبینہ ملی بھگت سے ٹھیکیداروں کو خلاف ضابطہ 32کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکاری منصوبہ جات میں پرائس ویری ایشن اس وقت ٹھیکیداروں کو ادا کی جاتی ہے جب سرکاری وجوہات کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہو اور حکومتی تاخیر یا فنڈز کی عدم ادائیگی کی وجہ سے تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں اضافہ ہوجائے اور منصوبہ کی تکمیل کی تاریخ بھی گذر چکی ہو اور اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہو لیکن اگر تاخیر ٹھیکیداروں کی طرف سے ہو تو اسے اضافی ادائیگی نہیں کی جاتی ۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کی انکوائری کی جائے اور قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان اور ذمہ داران کی رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائے۔اورکروڑوں روپے کی ناجائز ادائیگی کی رقم واپس قومی خزانے میں جمع کروائی جائے۔