جمہوریت کی مضبوطی کا دعویٰ کرنے والے بینرز دیکھ کر کانپ گئے۔چوہدری پرویزالٰہی

پاکستان کے تمام کام فوج کرتی ہے،حکمران خوش فہمی میں نہ رہیں انہیں جلد پتا چل جائے گا۔سابق نائب وزیراعظم کا بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 18 جولائی 2016 15:26

جمہوریت کی مضبوطی کا دعویٰ کرنے والے بینرز دیکھ کر کانپ گئے۔چوہدری ..

گوجرانوالہ(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18جولائی 2016ء) :مسلم لیگ(ق)کے مرکزی رہنماء چوہدری پرویزالٰہی نے خاموشی توڑ تے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی کا دعویٰ کرنے والے بینرز دیکھ کر کانپ گئے،پاکستان کے تمام کام فوج کرتی ہے،حکمران خوش فہمی میں نہ رہیں انہیں جلد پتا چل جائے گا،شہباز شریف نے سیلاب سے نمٹنے کا سارا فنڈ اورنج لائن پر لگا دیا،پاکستان کے تمام کام فوج کرتی ہے۔

عمران خان ٹھیک کہتے ہیں کہ فوج آئی تو کوگ مٹھائیاں بانٹیں گے۔وزیرآباد میں سپیریئر کالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہماری حکومت کا محور اس ملک کے غریب و پسماندہ عوام اور ان کے بچے تھے جن کیلئے ہم نے تعلیم، کتابیں اور ادویات مفت کیں، 1122 جیسی سروس دی لیکن شہبازشریف نے نہ صرف مفت تعلیم کا ہمارا منصوبہ روک دیا بلکہ غریبوں کے 10ہزار سکول بند کر دئیے اور 1122 جیسی ریسکیو سروس کو بھی بند کرنے کی کوشش کی جبکہ یہ بڑے زور و شور سے شروع کیا گیا اپنا ہر منصوبہ اور ہر سکیم کھا پی گئے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے اپنی تقریر میں پروفیسر عبدالرحمن اور ملک معراج خالد مرحوم کی تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور بیسٹ ٹیچر ایوارڈ تقسیم کیے۔ چودھری پرویزالٰہی نے لارڈز ٹیسٹ میں کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہئوے کہا کہ آرمی کی ٹریننگ نے اثر دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر ادارہ تباہی کی طرف گامزن ہے، ترکی میں حکومت نے عوام کیلئے کام کیا، طیب اردگان کی حکومت نے ملک کے تمام قرضے ختم کیے جبکہ ن لیگ کی حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساری سیاسی جماعتیں ایک ایجنڈے پر جب تک جمع نہیں ہوں گی تب تک کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ الیکشن کمیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں ایسے ارکان کو منتخب کرنا چاہئے جو اس کے اہل ہوں اور عوام کو بھی ان پر اعتماد ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اور ان کے ساتھی ہر وقت جمہوریت کا راگ الاپتے ہیں لیکن آرمی چیف کے بینرز دیکھ کر ان کی ٹانگیں کانپ جاتی ہیں، عوام ان حکمرانوں سے تنگ ہیں، سارے پاکستان سمیت رمضان المبارک میں مکہ مدینہ میں بھی ان کے جانے کیلئے لوگ دعائیں کرتے رہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں تعلیم کو عام کیا، پرائیویٹ سیکٹر کو پروموٹ کیا، نیشنلائزڈ ادارے واپس کیے، یونیورسٹیوں کو چارٹر کے حقوق دئیے، نئی یونیورسٹیاں بنائیں، 65 ہزار سکولوں کو ازسر نو ٹھیک کیا، لٹریسی ریٹ اوپر لے گئے جو اب پھر کم ہو گیا ہے کیونکہ ہم سکول آباد کر رہے تھے تو یہ بند کر رہے ہیں، ہم نے ٹریفک وارڈن سسٹم بنایا اور پٹرولنگ پوسٹیں قائم کیں، شہبازشریف نے ان آٹھ سالوں میں ہمارے تمام اداروں کو بند کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے فنڈز بھی روک لیے جس سے ہر شعبہ تنزلی کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب روکنے کیلئے بندوں کی تعمیر و مرمت پر استعمال کیے جانے والے فنڈز بھی یہ جنگلہ بس اور ٹرین پر خرچ کر رہے ہیں جس سے سیلاب کیوں نہ آئیں۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود نے کہا کہ بطور صوبائی وزیر تعلیم بیس سے زائد پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو کیمپس بنانے کا درجہ دیا، موجودہ حکومت آج تک تعلیمی میدان میں وہ رزلٹ حاصل نہیں کر سکی جو پرویزالٰہی دور حکومت میں ہم نے حاصل کر لیا تھا۔

اس موقع پر خالد محمود چیمہ، حسن نواز، پروفیسر سلیم مغل، پروفیسر سلیمان اقبال، بلال مصطفی شیرازی، حافظ سعید احمد، پروفیسر محمد ریاض، پروفیسر نبیل الرحمن بھی موجود تھے۔ بعد ازاں چودھری پرویزالٰہی نے بلال احمد خان، عثمان علی، احتشام لیاقت، پروفیسر ابوبکر، شہبازاحمد، لبنیٰ شہزاد، سمیرا عمران، حمیرا مختار، حاجی غلام رسول، عبدالوحید اختر، شہبازرسول اور پروفیسر محمد شفیع میں بیسٹ ٹیچر ایوارڈ تقسیم کیے۔ قبل ازیں چودھری پرویزالٰہی جب کالج کے افتتاح کیلئے پہنچے تو ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، مسلم لیگی کارکنوں نے چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی اور مونس الٰہی زندہ باد کے نعرے لگائے۔

متعلقہ عنوان :