آزاد کشمیر انتخابات،اسپیکر قانون ساز اسمبلی سردار غلام صادق نااہل قرار

پیر 18 جولائی 2016 15:26

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جولائی ۔2016ء ) آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لئے اسپیکر سردار غلام صادق کو نااہل قرار دے دیا۔ آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار خان بہادر خان کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر سردار غلام صادق کو دو سرکاری تنخواہیں لینے پر نا اہل قرار دے دیا ۔

(جاری ہے)

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سردار غلام صادق اب ’صادق اور امین‘ نہیں رہے اس لئے انھیں نااہل قرار دیا جاتا ہے اور وہ ریاست میں 21 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔ واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں سردار غلام صادق وزیراعظم پاکستان کے مشیر بھی تھے اور آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے رکن بھی تھے، سردار غلام صادق دونوں جگہوں سے باقاعدگی کے ساتھ تنخواہ لیتے رہے اور میڈیا پر خبریں نشر ہونے کے بعد انھوں نے 18 لاکھ روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرائے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار بہادر خان نے ان کی نا اہلی کے لئے درخواست دائر کردی تھی۔

متعلقہ عنوان :