وزیراعظم نواز شریف کے پاس مسئلہ کشمیر کے حل کی کنجی موجود ہے، پرویز رشید

پیر 18 جولائی 2016 15:24

دھیر کوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید اور معاون خصوصی آصف کرمانی نے کہا ہے کہ خطے کے امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل بہت ضروری ہے، وزیراعظم نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں جس سے مخالفین کو خوف آتا ہے، جب وزیراعظم مسئلہ کشمیر حل کرانے لگتے ہیں تو ملک میں مظاہرے شروع ہو جاتے ہیں، خطے کے امن کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل بہت ضروری ہے اور اس مسئلے کے حل کی کنجی وزیراعظم نواز شریف کے پاس موجود ہے، بے روز گاری کے خاتمے کا نسخہ بھی وزیراعظم ہی کے پاس ہے، مستقبل قریب میں 3 دن بہت اہم ہیں، 19 جولائی کو کشمیر سے الحاق کا دن بنایا جائے گا جب کہ 20 جولائی کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا اور پھر 21 جولائی کو آزاد کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ہوں گے، عوام نے بھاگنے والوں کے لئے تمام راستے بند کر دیئے ہیں، عام انتخابات میں آزاد کشمیر کی عوام خدمت نہ کرنے والوں سے انتقام لیں گے، دھرنے اور سازشوں کی سیاست کرنے والے پھر پر تول رہے ہیں‘ 21 جولائی کو دھرنوں اور سازش کی سیاست کرنیوالے ناکام ہونگے‘ دھرنوں اور سازشوں سے ترقیاتی منصوبوں کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی، 21جولائی دھرنا سیاست مردہ باد کا پیغام ہے اور دھرنوں سے نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر کوئی بھی نہیں روک سکتا، تبدیلی دھرنوں سے نہیں بلکہ پرچیوں سے آئے گی،مسلم لیگ ن پرچی سے آزاد کشمیر میں کامیابی حاصل کرے گی ۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو دھیر کوٹ میں مسلم لیگ( ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا دھیر کوٹ کے عوام نے بھاگنے والوں کے تمام راستے بند کر دیئے ہیں۔ عوام کی خدمت نہ کرنے والوں کے ساتھ ایسا ہی انتقام لیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایسا جلسہ کبھی نہیں دیکھا، تاحد نگاہ مسلم لیگ ن کے کارکن نظر آرہے ہیں، عوام نے محمد نواز شریف کی محبت میں راستے بند کئے ہیں، وزیر اعظم نواز شریف کے پاس کشمیریوں کو آزادی دینے کا نسخہ موجود ہے۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف پوری عوام کے دلوں میں بستے ہیں، عوام کے دلوں میں بسنے والے لیڈر سے مخالفین کو موقف آتا ہے۔ پرویز رشید نے کہا کہ 21جولائی کو شیر پر مہر لگا کر وزیر اعظم نواز شریف سے عملی محبت کا ثبوت دیا جائیگا اور 21جولائی کو بیلٹ باکس سے شیر نکلے گا۔ 10سال پاکستان کا ہر شہر دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔ دھرنے کی سیاست اور سازش کی سیاست کرنے والے پر تول رہے ہیں، پرویز رشید نے کہا کہ 20جولائی کو کالے سیاہ پرچم لہرا کر یوم سیاہ منانا ہے۔

بھارت کو کشمیر میں ہونے والے مظالم کیخلاف پیغام دینا ہے۔19تاریخ کو یوم الحاق پاکستان بھی منائیں گے اور عوام سے ووٹ بھی مانگیں گے،21جولائی کو دھرنوں اور سازش کی سیاست ملک کے ہر شہر میں دہشتگردی تھی اور 5سالہ دور حکومت میں نیلم جہلم منصوبہ مکمل نہیں کر سکے تھے۔ دھرنوں اور سازشوں سے ترقیاتی منصوبوں کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ 21جولائی دھرنا سیاست مردہ باد کا پیغام ہے اور دھرنوں سے نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر کوئی بھی نہیں روک سکتا، تبدیلی دھرنوں سے نہیں بلکہ پرچیوں سے آئے گی، دھرنا ، سیاست، جھوٹ اور فراڈ سے کوئی تبدیلی نہیں آتی ہے۔

مسلم لیگ ن پرچی سے آزاد کشمیر میں کامیابی حاصل کرے گی۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ دھیر کوٹ میں آج ہر طرف شیر ہی شیر نظر آرہا ہے، دوسری جماعتوں کے فصلی بٹیرے اپنے بلوں میں گھس چکے ہیں۔ دھیر کوٹ کے عوام کا پیار ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھیر کوٹ کے عوام کا حق لوٹنے والوں کا سایہ بھی ان کا ساتھ چھوڑ چکا ہے۔

21جولائی کیلئے دھیر کوٹ کی عوام نے آج ہی فیصلہ دے دیا ہے اوردھیر کوٹ میں عوام کا بڑا اجتماع مسلم لیگ ن کی جیت کا ثبوت ہے۔دھیر کوٹ کے عوام سیاسی بد کرداروں کوہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے۔ آصف کرمانی نے کہا کہ محمد نواز شریف ترقی کی علامت ہیں اور تعلیم، ترقی اور روشنی مسلم لیگ ن کا منشور ہے، مسلم لیگ ن کی مقبولیت سے خائف لوگوں نے ریلیوں پر فائرنگ کی تھی، مودی لائن آف کنٹرول کے پار کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے اور یہاں چوہدری مجید آزاد کشمیر میں کشمیریوں کو شہید کر رہا ہے۔

چوہدری مجید لاشوں کی سیاست کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کیلئے کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جیت کر آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا دور لائیگی اور کوہالہ کے پل پر جو محبت ملی وہ کہیں بھی نہیں ملی ہے۔ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے درمیان پل بنایا جائے گا۔ آصف کرمانی نے کہا کہ وعدہ کریں دھیر کوٹ کو وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں جنت نظیر بنائیں گے۔

مسلم لیگ ن جیت کر آزاد کشمیر میں ترقی اور خوشحالی کا دور لائے گی، سیاسی بھگوڑوں اور یتیموں کی شکست آزاد کشمیر کے چپے چپے پر لکھی جاچکی ہے۔ اقتدار میں شہید کارکنوں کی جوڈیشل انکوائری خود کرائیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر صدر آزاد کشمیر کے پروٹوکول کا نوٹس لیں۔ ورکرز کنونشن میں آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی مانگی گئی۔ قبل ازیں جب پرویز رشید اور آصف کرمانی کی ورکرز کنونشن میں شرکت کیلئے پہنچے تو مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا اوروزیر اعظم نواز شریف زندہ باد اور شیر آیا شیر آیا کے فلک شکاف نعرے لگائے ۔