الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کا معاملہ ، اسحاق ڈار اور خورشید شاہ میں اہم ملاقات

دونوں رہنماؤں کا ممبران کی تقرری میرٹ، غیر جانبداری اور قوم کی امنگوں کے مطابق کرنے پر اتفاق

اتوار 17 جولائی 2016 23:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17جولائی۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ سے اسلام اَباد میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں الیکشن کمیشن کے ممبران کے ناموں پر دوبارہ مشاورت کی گئی اور دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ قائد حزب اختلاف اور حکومت جلد ہی الیکشن کمیشن کے ممبران کی فہرست کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہو جا ئیں گے اور تقرری کیلئے آئین میں دی گئی 45 دن کی مدت ختم ہونے سے پہلے، جو کہ 25جولائی ہے، ممبران کی تقرری کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔

اس سے پہلے 12 جولائی کو بھی دونوں رہنماوں میں اس سلسلے میں ملاقات ہو چکی ہے۔ملاقات میں اس بات پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا کہ ممبران کی تقرری مکمل میرٹ، غیر جانبداری اور قوم کی امنگوں کے مطابق کی جائے گی تاکہ ملک میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے عمل کو یقیی بنایا جائے۔ ملاقات میں طے پایا کہ ممبران کی تقرری کے سلسلے میں ۹۱ جولائی بروز منگل دوبارہ ملاقات کی جائے گی۔