قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کی آ واز دبانے کیلئے اخبارات کی کاپیاں ضبط کرلیں

قابض بھارتی فوج نے مقامی اخبارات کی کاپیاں ضبط اوروہاں کام کرنے والے کئی افراد کو گرفتار کر لیا

اتوار 17 جولائی 2016 23:42

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17جولائی۔2016ء) گزشتہ 9 روز سے نہتے کشمیریوں پر جاری ظلم کے بعد اب قابض بھارتی فوج اور پولیس نے مقامی اوربین الااقوامی ذرائع ابلاغ کیخلاف بھی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے اخبارات کی کاپیاں ضبط اور کئی ملازمین کو گرفتار کرلیا۔مقبوضہ کشمیر میں حریت پسند کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد گزشتہ 8 روز سے کرفیو جب کہ انٹرنیٹ کی سروس بھی مکمل طور بند ہے جب کہ بھارتی فوجیوں کی جانب نہتے کشمیریوں کے خلاف ظلم و بربریب کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک 43 کشمیری شہید اورسیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں جسے میڈیا کے ذریعے دنیا دیکھ رہی ہے اوربھارت کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم بے لگام فوج ہروہ ہتھکنڈا استعمال کررہی ہے جس سے بھارتی حکومت کی جگ ہنسائی کو روکا جاسکے۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہونے کے بعد قابض بھارتی فوج اور پولیس نے مقامی اوربین الااقوامی ذرائع ابلاغ کیخلاف بھی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے مقامی اخبارات کی کاپیاں ضبط اورچھاپے خانوں میں کام کرنے والے کئی افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت اس طرح کے اقدام سے کشمیر سے متعلق خبروں پر پابندی عائد کرنا چاہتی ہے۔

دوسری جانب کشمیر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس کے بعد اب پاکستانی چینلز پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ مقبوضہ وادی 8 جولائی سے حریت پسند کمانڈر برہانی وانی کی شہادت کے بعد سے مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک 43 کشمیری شہید اور زخمیوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے اور پولیس کی جانب سے چھّرے فائر کیے جانے کی وجہ سے متعدد کشمیری بینائی سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :