Live Updates

پاکستان میں فوج آجائے تو مٹھائیاں بانٹی جائیں گی،عمران خان

جمہوریت کو فوج سے نہیں نواز شریف کی ڈکٹیڑشپ سے خطرہ ہے،حسنی مبارک کے بچوں کی طرح نواز شریف کے بچوں کے پیسے بھی ملک سے باہر پڑے ہیں،وزیراعظم باہر جائیں تو ان کی بیٹی شہزادی بن جاتی ہے، نیب کا سربراہ نواز شریف کا آدمی ہے اسے کیسے پکڑے گا،یہاں جمہوریت کے نام پر ملک کو لوٹا جارہا ہے،مغرب کو جمہوریت اوپر لے کر گئی اور ہمیں بادشاہت نے تباہ کیا، نیب نواز شریف کا غلام ادارہ ہے اس لئے وہ اسحاق ڈار کے خلااف کارروائی نہیں کرسکتا، منی لانڈرنگ کے باوجود بھی اسحاق ڈار کو رہا کر دیا گیا تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا انتخابی جلسے سے خطاب

اتوار 17 جولائی 2016 20:10

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17جولائی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں فوج آجائے تو مٹھائیاں بانٹی جائیں گی،جمہوریت کو نواز شریف کی ڈکٹیڑشپ سے خطرہ ہے،حسنی مبارک کے بچوں کی طرح نواز شریف کے بچوں کے پیسے بھی ملک سے باہر پڑے ہیں،وزیراعظم باہر جائیں تو ان کی بیٹی شہزادی بن جاتی ہے۔

وہ اتوار کو یہاں انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں خطرہ فوج سے نہیں نواز شریف کی ڈکٹیڑ شپ سے ہے،جمہوریت بچانے کیلئے ترکی کی عوام سڑکوں پر نکلی،خدمت کرنے والی حکومت کے ساتھ عوام کھڑی ہوتی ہے،یہاں فوج آجائے تو لوگ خوشیاں منائیں گے اور مٹھائیاں بانٹیں گے۔عمران خان نے کہا کہ ترکی کے صدر طیب اردگان نے سب سے پہلے قرضے ختم کیے ہماری جمہوریت کو بادشاہت سے خطرہ ہے،وزیراعظم اپوزیشن اور میڈیا کو خریدنے کی کوششیں کر رہے ہیںِ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیب کا سربراہ نواز شریف کا آدمی ہے اسے کیسے پکڑے گا،یہاں جمہوریت کے نام پر ملک کو لوٹا جارہا ہے،ایسے حکمرانوں کے ہوتے ہوئے لوگ فوج کے آنے پر خوشیاں مناتے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مغرب کو جمہوریت اوپر لے کر گئی اور ہمیں بادشاہت نے تباہ کیا،50کروڑ روپے رائیونڈ میں پولیس اہلکاروں پر خرچ کئے جاتے ہیں اور 1200پولیس اہلکار رائیونڈ میں ان کی سکیورٹی کیلئے موجود ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ رائیونڈ کی بلٹ پروف دیوار عوام کے ٹیکس ے بنائی جارہی ہے،وزیراعظم جمہوری ہوتے تو پارلیمنٹ میں آکر جواب دیتے کیونکہ جمہوریت میں وزیراعظم جوابدہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صدام حسین اور حسنی مبارک بھی جواب نہیں دیتے تھے،پاکستان کی عوام نے ترکی کی طرح جمہوریت کو بچانا ہے۔عمران خان نے کہا کہ نیب نواز شریف کا غلام ادارہ ہے اس لئے وہ اسحاق ڈار کے خلااف کارروائی نہیں کرسکتا،صرف 6سالوں میں پاکستان پر 6ہزار ارب روپے کا قرضہ چڑھایا،جب تک نیب آزاد نہیں ہوگا کرپشن ختم نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملک گیر تحریک شروع کروں گا اور وزیراعظم کا احتساب کرواکے رہوں گا،جب تک حکمرانوں کا احتساب نہیں ہوگا عوام کو سڑکوں پر نکالوں گا۔عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں رنجیت سنگھ کے بعد سب سے زیادہ نواز شریف نے حکومت کی مگر وہ کبھی بھارت پر دباؤ نہیں ڈال سکتے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر نیب کے 13کیسز ہیں منی لانڈرنگ کے باوجود بھی اسحاق ڈار کو رہا کر دیا گیا،ہر پاکستانی پر آج ایک لاکھ20ہزار روپے کا قرض ہے،قرض کا پیسہ اورنج لائن منصوبے پر خرچ ہوتا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ بڑے منصوبوں سے پیسہ بنا کر آف شور کمپنیاں بنتی ہیِں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات