حالیہ بارشوں کے پیش نظر ڈینگی سرویلنس کا کام تیز کیا جائے،متعلقہ ادارے پوری طر ح چوکس رہیں،شہبازشریف

بارشوں کے باعث لاہور سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں کھڑے پانی کا فوری نکاس یقینی بنایا جائے،وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 17 جولائی 2016 20:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17جولائی۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر ڈینگی سرویلنس کا کام تیز کیا جائے اور ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے لئے متعلقہ ادارے پوری طر ح چوکس ہو کر فرائض سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو صوبائی کابینہ کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بارشوں کے باعث لاہور سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں کھڑے پانی کا فوری نکاس یقینی بنایا جائے اور ڈینگی کے مرض سے نمٹنے کے لئے تمام ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو گزشتہ برسوں کی طرح جذبے اور محنت سے کام کرنا ہے۔ عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اور انسداد ڈینگی اقدامات سے عوام کو آگاہ کرنے کیلئے بھرپورمہم چلائی جائے، اسی طرح انسداد ڈینگی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈینگی کے مرض کے روک تھام کے لئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔