ترکی ، فوجی بغاوت کو ناکام بنانے کے دوران جاں بحق شہریوں کی استنبول اور انقرہ میں نماز جنازہ اداکردی گئی

ملک سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ کریں گے، قومی پرچم سربلند رکھنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں،ملک کو خطرے میں ڈالنے والوں کو اپنے کیے کی سزا ملے گی،ترک صدر اور وزیر اعظم کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 17 جولائی 2016 19:23

استنبول /انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17جولائی۔2016ء) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ کریں گے۔ترک وزیراعظم بن علی یلدم نے کہا ہے کہ فوجیوں کے ایک گروپ کی جانب سے بغاوت کی ناکام کوششیں کی گئیں،ملک کو خطرے میں ڈالنے والوں کو اپنے کیے کی سزا ملے گی،ترکی میں ناکام بغاوت میں جاں بحق شہریوں کی اتوار کو استنبول اور انقرہ میں نماز جنازہ اداکردی گئی۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے فتح مسجد استنبول میں اور ترک وزیراعظم بن علی یلدم نے انقرہ میں ہونے والی نماز جنازہ میں شرکت کی،ترکی کے سابق صدر عبداللہ گل اور سابق وزیراعظم احمد داؤد اوگلو نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے نماز جنازہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملک سے دہشتگردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کریں گے،ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں نظام زندگی بحال اور ادارے فعال ہیں،قومی پرچم سربلند رکھنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فوج امن و امان اور انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں مصروف ہے،فوجیوں کے ایک گروپ کی جانب سے بغاوت کی ناکام کوششیں کی گئیں،ملک کو خطرے میں ڈالنے والوں کو اپنے کیے سزا ملے گی۔