فوجی بغاوت ناکام بنا نے پر ترک قوم مبارکباد کی مستحق ہے،امتیاز رانجھا

ترک عوام نے منتخب قیادت کے ساتھ والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کرکے فوجی بغاوت کو ناکام بناکرعظیم قوم ہونے ثبوت دیا ہے،بیان

اتوار 17 جولائی 2016 17:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری امتیاز احمد رانجھا نے ترکی کے صدر طیب اردگان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ترکی کے عوام نے اپنی منتخب قیادت کے ساتھ والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے فوجی بغاوت کو ناکام بناکرعظیم قوم ہونے ثبوت دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں چوہدری امتیاز احمد رانجھا نے کہا کہ ترک عوام جس طرح باہر نکل کر مسلح باغی فوجیوں کے ساتھ دلیری سے لڑے ہیں اس کی وجہ ان کو جمہوریت اور ڈکٹیٹر شپ کا فرق معلوم ہے ، وہ ایک پڑی لکھی قوم اور ترکی کو اپنا ملک ، اپنی شناخت اور اس پر اسی لئے فخر کر تے ہیں ، جو قومیں اپنی شناخت اور اپنی زمین کی حفاظت کرنے سے قاصر ہوتی ہیں دنیا میں رسوائی اور بربادی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری قوم اور ہمارے حکمرانوں کو اس سارے واقعہ سے بہت بڑا سبق ملتا ہے۔ اس میں ایک بات ذہن نشین ہونی چاہیے کہ ترک حکمرانوں نے اپنے ملک کو لوٹ کر دوسرے ملکوں میں نہ جائیدادیں بنائیں اور نہ کاروبار کیا۔ ترکی کے حکمران اپنے ملک کے لئے کام کرتے ہیں جہاں حکمران اپنے ملک کے لئے کام کرتے ہیں وہاں عوام اپنی ذمہ داریاں نبھانا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ارباب اختیار کو چاہیے کہ لوٹ کھسوٹ ، اقربا پروری اور چھوٹے چھوٹے مفادات چھوڑ کر صحیح معنوں میں جمہوریت اور ملک کے لئے ایمانداری سے محنت کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ قوم پیچھے رہے لیکن ہمارے ہاں تو اکثر کام سستی شہرت ،کمیشن اور کرپشن کے لئے کئے جاتے ہیں ،کاش کوئی طیب اردگان جیسا لیڈر پاکستانی قوم کے نصیب میں بھی ہوتا۔بہر حال اﷲ تعالیٰ سے بہتری کی امید رکھنی چاہیے۔ انہوں نے ترک قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ملک کو تباہی اور بربادی سے بچا لیا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ان کے حکمرانوں کے نام پانامہ لیکس جیسے سکینڈل میں نہیں ہیں۔