قندیل بلوچ کو شادی کی دعوت دی تھی ٗ مفتی عبد القوی کااعتراف

قندیل نے روزے رکھنے شروع کر دیئے تھے اور مذہبی تعلیم کی جانب رجحان ہوگیا تھا ٗ انٹرویو

اتوار 17 جولائی 2016 16:33

قندیل بلوچ کو شادی کی دعوت دی تھی ٗ مفتی عبد القوی کااعتراف

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) مفتی عبد القوی نے کہاہے کہ انہوں نے قندیل بلوچ کو شادی کی دعوت دی تھی ۔ملتان میں میڈیا کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے مفتی عبد القوی نے کہاکہ انہوں نے قندیل کو معاف کر دیا ہے اور اس کیلئے کبھی انہوں نے دل میں بغض نہیں رکھا ٗانہوں نے کہاکہ قندیل بلوچ بنیادی طورپر پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے ملنا چاہتی تھی ٗمیں نے انہیں عمران خان سے ملاقات کر انے کا وعد ہ کیاتھا ۔

یاد رہے کہ مفتی عبد القوی کی انٹر نیٹ پر قندیل بلوچ کے ساتھ تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد پی ٹی آئی نے عبد القوی کو عہدے سے ہٹا دیا تھا تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے انہیں اپنے عہدے سے نہیں ہٹایا انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ رویت ہلال کمیٹی نے صرف ان کی ممبر شپ معطل کی ہے مفتی قوی نے کہاکہ ان کے دل میں قندیل کیلئے ہمدردی ہے کیونکہ قندیل نے روزے رکھنے شروع کر دیئے تھے اور مذہبی تعلیم کی جانب رجحان ہوگیا تھا انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے قندیل کو کچھ قرآنی آیاتیں بتائی تھیں اور انہیں اسلام کی تعلیم سے بھی آگاہ کیا تھا کیونکہ قندیل نے انہیں کچھ لوگوں کی حسد اور بری نظر رکھنے سے آگاہ کیا تھا عبد القوی نے کہا کہ مذہبی سکالر اچھے لوگ ہوتے ہیں اور لوگوں کو ان کی عزت کے ساتھ نہیں کھیلناچاہیے ۔

(جاری ہے)

قندیل بلوچ کی تعریف کرتے ہوئے مولوی عبد القوی نے کہاکہ وہ غلطیوں کے باوجود پاکستانی خواتین کی اصل چہرے کی عکاسی کرتی تھیں انہوں نے قندیل بلوچ کو بہادر خاتون قرار دیا مولوی عبد القوی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے قندیل کو اپنے گناہوں پر معافی مانگنے پرراضی کیا تھا اورانہیں سیدھے راستے پر آنے کیلئے کہا تھا میں نے انہیں نئی زندگی کیلئے شادی کی تجویز پیش کی تھی ۔انہوں نے سول سوسائٹی اراکین سے ملتان میں قندیل کیلئے غائبانہ نماز جنازہ کی اپیل کی ۔

متعلقہ عنوان :