ینگ ڈاکٹرزنے سنٹرل انڈکشن پالیسی کیخلاف 20جولائی کو پنجاب اسمبلی کے گھیراؤ کا اعلان کر دیا

دفعہ 144 کے باوجود پورے پنجاب سے ڈاکٹرز اپنے حقوق کیلئے نکلیں گے اور کامیاب ہو کر لوٹیں گے‘ عہدیداروں کا بیان

اتوار 17 جولائی 2016 16:27

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے سنٹرل انڈکشن پالیسی کے خلاف 20 جولائی کو پنجاب اسمبلی کے گھیراؤکا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے پالیسی واپس لینے کے اعلان تک دھرنا جاری رہے گا۔ینگ ڈاکٹرز کے عہدیداروں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج روکنے کیلئے دفعہ 144 لگائی ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ۔

آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوران دفعہ 144 پنجاب میں لگانے کا کیا جواز بنتا ہے ۔

(جاری ہے)

تمام ینگ ڈاکٹرز دفعہ 144 کے باوجود پورے پنجاب سے نہ صرف اپنے حقوق کیلئے نکلیں گے بلکہ کامیاب ہو کر لوٹیں گے ۔ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھاکہ سابق جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شعیب خان نیازی کوایڈمنسٹریشن اور حکومتی ہاتھوں میں کھیلنے ،ایسوسی ایشن کیخلاف سازشیں کرنے پر ہمیشہ کیلئے نکال دیا گیا ہے ۔ینگ ڈاکٹرز نے کہا کہ تمام سیاستدانوں، ججوں اور بیوروکریٹ کو نہ صرف سرکاری ہسپتالوں سے علاج کرانے کا پابند کرنے کیلئے قانون سازی کی جائے بلکہ علاج کے نام پر بیرون ملک دورے اور عیاشیوں پر پابندی لگائی جائے تا کہ سرکاری ہسپتالوں کو بہتر کیا جا سکے ۔