والدین میں بچیوں کوتعلیم دینے کا شعور اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ‘ مسرت جمشید چیمہ

خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زائد ہیں ،قومی دھارے میں شامل کر کے ملک و قوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے

اتوار 17 جولائی 2016 16:25

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اسمبلیوں سے منظور کرائے گئے قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث خواتین شدید مشکلات کا شکار ہیں،خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زائد ہیں جنہیں قومی دھارے میں شامل کر کے ملک و قوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو معاشرے کے رسم و رواج کو دیکھتے ہوئے بچیوں کی تعلیم کیلئے خصوصی منصوبہ بندی کرنی چاہیے ۔

آج بھی ایسے بہت سے علاقے ہیں جہاں پر بچیوں کو تعلیم سے دور رکھا جاتا ہے ۔بہت سے علاقوں میں بچیوں کیلئے تعلیمی ادارے ہی موجود نہیں اوروالدین انہیں دور دراز علاقوں میں تعلیم کے حصول کیلئے نہیں بھجواتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت دو سو روپے ماہانہ وظیفے کا لالی پاپ دینے کی بجائے مضبوط بنیادوں پر منصوبہ بندی کرکے اس پر عملدرآمد کرے ۔صرف کتابوں کی بجائے یونیفارم ، کاپیوں اور دیگر اخراجات بھی ادا کئے جائیں۔

اس کے ساتھ ساتھ والدین میں بچیوں کوتعلیم دینے کا شعور اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کے حقوق کا ڈھنڈورا پیٹتے نہیں تھکتی جبکہ آج ہمارے معاشرے میں خواتین شدید مسائل سے دوچار ہیں۔ حکومت اپنے بنائے گئے قوانین پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنائے ۔

متعلقہ عنوان :