چڑیاگھروں ، وائلڈلائف پارکس اور بریڈنگ سنٹرز کے انچارج افسران کوفلڈ ایمرجنسی پلان تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت

اتوار 17 جولائی 2016 16:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) صوبہ بھر کے وائلڈ لائف پارکس ،چڑیا گھروں اور بریڈنگ سنٹرز کے انچارج افسران کو زیادہ بارشوں اورسیلاب کی صورت میں جانوروں کو ریسکیو کرنے اور ان کی محفوظ منتقلی یقینی بنانے کے لئے چار یوم میں فلڈ ایمرجنسی پلان تیار کر کے پیش کرنے کی ہدائت کی گئی ۔ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک سرکلر میں تمام افسران کو ہدائت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی ایمرجنسی صورت حال پیش آنے پر ایمرجنسی پلان پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کا تحفظ یقینی بنائیں اور ضرورت پیش آنے پر فوری طور پر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے متعلقہ افسران سے رابطہ کریں۔

مزید کہ موسم برسات کے باعث پھیلنے والی بیماریوں کے پیشگی تدارک کے لئے بھی اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

ایک دوسرے سرکلر کے مطابق تمام وائلڈ لائف پارکس ،چڑیا گھروں اور بریڈنگ سنٹرز کے انچارج افسران کو ہدائت کی گئی ہے کہ وہ موجود جانوروں کے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ کریں اور کسی بھی جانور کی پیدائش یا موت کی صورت میں اس کا سٹاک رجسٹر میں فوری اندراج کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب کے دفتر میں اطلاع دیں اور کسی بھی جانور کی موت کی صورت میں اس کی انسپکشن کروائے بغیر دفن یا ٹھکانے نہ لگائیں۔

متعلقہ عنوان :