عید کے دوسرے روز بھی قندیل کو مارنے ملتان آیا لیکن موقع نہ ملا، بھائی وسیم کا انکشاف

لوگوں کے طعنے سن کر اسی وقت سوچ لیا تھا کہ قندیل کو قتل کر کے سعودیہ بھاگ جاؤں گا، بھائی وسیم

اتوار 17 جولائی 2016 16:02

عید کے دوسرے روز بھی قندیل کو مارنے ملتان آیا لیکن موقع نہ ملا، بھائی ..

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جولائی ۔2016ء ) قندیل بلوچ کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار بھائی وسیم نے کہا ہے کہ وہ عید کے دوسرے روز بھی قندیل کو قتل کرنا چاہتا تھا لیکن اسے موقع نہیں ملا تھا اور اسے اپنے کئے کا کوئی افسوس بھی نہیں۔ قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتارمرکزی ملزم قندیل بلوچ کے بھائی وسیم کے دوران تفتیش مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ملزم نے دوران تفتیش پولیس کو بتایا ہے کہ جب سے قندیل کی ویڈیو اور ٹی وی چینلز پر تنازعات کا سلسلہ شروع ہوا، لوگوں نے اس کا جینا محال کر دیا تھا، لوگوں کے طعنے سن کر سوچ لیا تھا کہ قندیل کو قتل کر کے سعودی عرب بھاگ جاؤں گا جہاں پہلے ہی میرے 3 بھائی موجود ہیں۔ قندیل کو مارنے پر مجھے کوئی پشیمانی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ملزم وسیم نے کہا کہ اس نے کبھی بھی قندیل سے مالی مدد حاصل نہیں کی، وہ صرف والدین کی اعانت کرتی تھی، ان کے والد کی کچھ عرصہ قبل 60 ایکڑ زرعی زمین تھی جو بکتے بکتے اب ایک ایکڑ رہ گئی ہے۔

وہ عید کے دوسرے روز بھی قندیل کو مارنے ملتان آیا لیکن موقع نہیں ملا تھا، قندیل بلوچ کو قتل کرنے سے قبل اس نے دودھ میں نیند کی 4 گولیاں ملا کردیں تھیں، جسے پینے کے بعد قندیل گہری نیند سو گئی اور جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب موقع ملتے ہی قندیل کو ٹھکانے لگا کر فرار ہوگیا۔ واضح رہے کہ قندیل بلوچ کو جمعے اور ہفتے کی درمیانی رات ملتان کے علاقے گرین ٹاؤن میں قتل کیا گیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ ان کے والد کی مدعیت میں بھائی وسیم کے خلاف درج ہے۔

متعلقہ عنوان :