’’انٹرنیشنل نارکوٹکس کنٹرول بورڈ‘‘کی منشیات کے حوالے سے پاکستان کیخلاف چارج شیٹ لمحہ فکریہ ‘ جماعت اسلامی

پاکستان میں منشیات کی خریدوفروخت اور استعمال میں اضافہ تشویشناک ہے،نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے‘ میاں مقصود

اتوار 17 جولائی 2016 15:48

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے پاکستان میں منشیات کی خریدوفروخت اور اس کے استعمال میں روز افزوں اضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ بد قسمتی سے حکومت اسکی روک تھام کے لئے کچھ نہیں کر رہی ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد نصف کروڑ سے زائد ہوچکی ہے جوکہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت امر ہے اور حکومت کا اس کی روک تھام کے لئے کچھ نہ کرنا لمحہ فکریہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل سب سے زیادہ مذموم عزائم کے تحت شروع کیے جانے والے کاروبار سے متاثر ہیں۔اگر حکومت نے اس حوالے سے کچھ نہ کیاتوپاکستان کامستقبل غیر محفوظ ہوجائے گا۔ اقوام متحدہ کے ادارے ’’انٹرنیشنل نارکوٹکس کنٹرول بورڈ‘‘کی جانب سے منشیات کے حوالے سے پاکستان کے خلاف چارج شیٹ لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

چارج شیٹ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ حکومت پاکستان ملک میں منشیات کی روک تھام میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور انسدادمنشیات کے اداروں کے درمیان اشتراک عمل کوفروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو منشیات سے پاک کیا جاسکے۔ میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ حکومت کوچاہئے کہ وہ ملک میں بے روزگار افراد کیلئے نئے روزگار کے مواقع پیداکرے۔چند روپوں کی لالچ میں گھناؤناکام کرنے والوں کے خلاف بغیر کسی دباؤکے کاروائی کی جائے اور ایسے عناصر کاقلع قمع یقینی بنایاجائے تاکہ ملک میں منشیات فروشوں کے نیٹ ورک کومکمل طور پرختم کیاجاسکے۔ گھناؤنے دھندے کے باعث نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے ۔ حکومت پاکستان کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہے۔

متعلقہ عنوان :