وزارت موسمیات ملک میں کسی صورتحال میں صحت اور ماحول دشمن پارے یا مرکری کے استعمال کے خاتمے کیلئے تمام متعلقہ صوبائی محکمے اور اسٹیک ہولڈرزکے ساتھ اقدامات کررہی ہے

وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ڈپٹی ڈائریکٹر(کیمیل)ڈاکٹر زیغم عباس کی مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو

اتوار 17 جولائی 2016 14:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جولائی ۔2016ء)وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ڈپٹی ڈائریکٹر(کیمیل)ڈاکٹر زیغم عباس نے کہا ہے کہ وزارت موسمیات ملک میں کسی بھی صورت میں صحت اور ماحول دشمن پارے یا مرکری کے استعمال کے خاتمے کے لیے تمام صوبائی محکمہ صحت، ماحولیات سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرزکے ساتھ اقدامات کررہی ہے۔وہ بلوچستان کے سکریٹری ماحولیات، صوبائی ادارہ برائے ماحولیات اور بولان میڈیکل کالیج کے پرنسپل کے ساتھ تفصیلی ملاقاتوں کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مرکری کے استعمال کو مکمل طور پر روک تھام کے لیے ہر سطح پر آگاہی مھم بھی شروع کردی گئی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر (کیمیل) ڈاکٹر زیغم عباس نے بلوچستان کے متعلقہ حکومتی نمائندوں سے کہا کہ وہ مرکری کے خاتمے کے لیے وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اقدامات کی بھرپور حمایت کریں تاکہ عوام الناس کو اس خطرناک کیمیائی مادے کے استعمال کو مکمل طور پر روکا جاسکے۔

(جاری ہے)

حامی بھرتے ہوئے بلوچستان کے سکریٹری ماحولیات، صوبائی ادارہ برائے ماحولیات کے افسران اور بولان میڈیکل کالیج کے پرنسپل نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ مختلف کاسمیٹک اشیا جیسے رنگ گوراکرنے والی کریم، صابن سمیت دانتوں کی بھرائی، صحت کے مراکزاور ہسپتالوں میں استعمال ہونے والے مختلف الات میں مرکری کا استعمال ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں لوگوں کے اعصابی نظام بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ بلوچستان کے حکومتی نمائندوں نے مرکری کے درآمد کو کسی بھی شکل میں مکمل طور پر روکنا ہوگا اور اس کے استعمال سے لوگوں کی صحت اور ماحول پر مرتب ہونے والے منفی اثرات پر آگاہی ناگزیر ہے۔