سنگا پور میں پاکستانی عارف صلاح الدین کے کھانوں نے دھوم مچا دی

34 کھانوں نے سنگا پور میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ،عارف صلاح الدین نے نمایاں پوزیشن حاصل کی

اتوار 17 جولائی 2016 14:55

سنگا پور میں پاکستانی عارف صلاح الدین کے کھانوں نے دھوم مچا دی

سنگا پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جولائی ۔2016ء) پاکستانی عارف صلاح الدین کا اعزاز‘ سنگا پور میں پاکستانی کھانوں نے دھوم مچا دی‘ 34 پاکستانی کھانوں نے سنگا پور میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے‘ سنگا پور میں کھانوں کے ہونے والے مقابلوں میں بھی عارف صلاح الدین نے نمایاں پوزیشن حاصل کی‘ سنگا پور کے مقا می اخباروں میں بھی پاکستان کے کھانوں کی بلے بلے‘ اخبارات کی جانب سے خصوصی رپورٹیں بھی شائع کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سنگا پور میں مقیم پاکستانی عارف صلاح الدین جو کہ گزشتہ پندرہ سالوں سے ہوٹلنگ کی صنعت سے وابستہ ہیں۔ ان کے کھانوں نے پورے سنگا پور میں دھوم مچا دی ۔ عارف صلاح الدین کے کھانے ہاکرز سسٹم کے ذریعے پورے سنگا پور میں پسند کئے جانے لگے۔

(جاری ہے)

ان کے کھانوں کو سنگا پور کی عوام کی جانب سے ہائی ریٹنگ دی گئی جبکہ دوسری جانب سنگا پور میں کھانا بنانے کے ہونے والے مقابلوں میں عارف صلاح الدین کے کھانوں کو بھی پسند کیا جانے لگا۔

عارف صلاح الدین پاکستانی کھانوں کو جدید طریقے سے بنا کر سنگا پور میں پیش کرتے ہیں۔ مقامی اخبار کو دیئے گئے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کھانے بنانے میں اپنی دادی کے بتائے طریقوں پر عمل کرتے ہیں ۔ عارف صلاح الدین کے ہاتھ کی بنی ہوئی بریانی عوام بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔