راولپنڈی ڈویژن کی مستقل مویشی منڈیاں مکمل آپریشنل کر دی گئیں

مویشی منڈیوں میں کسی قسم کی انٹری و دیگر فیس وصولی نہیں ہو گی ،مینجنگ ڈائریکٹر محمد یونس

اتوار 17 جولائی 2016 13:45

راولپنڈی۔17 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 جولائی ۔2016ء)کیٹل مارکیٹ مینیجمنٹ کمپنی راولپنڈی ڈویژن کے زیر انتظام راولپنڈی ڈویژن کی مستقل مویشی منڈیوں کو مکمل آپریشنل کر کے تمام سہولیات فراہم کر دی گئیں،مویشی منڈیوں میں کسی قسم کی انٹری و دیگر فیس وصولی نہیں ہو گی، ان خیالات کا اظہار کیٹل مارکیٹ مینیجمنٹ کمپنی راولپنڈی ڈویژن کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد یونس نے ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے بتایاکہ کمپنی کے زیر انتظام راولپنڈی ڈویژن میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر یہ مستقل مویشی منڈیاں گوندل ،ڈومیل ،گلی جاگیر ، تلہ گنگ اور چکوال سٹی میں قائم کی گئی ہیں ۔ان منڈیوں میں مویشیوں کے بیوپاریوں کو سہولیات کی بہم رسانی کے لیے چارہ شاپ ،ہوٹل /کینٹین /کھوکھا سٹال ،پارکنگ ،جنرل سٹور آرائشی سامان برائے حیوانات ،ونڈا شاپ اور مویشیوں کے فضلہ جات کی صفائی کو یقینی بنانے کے اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

کیٹل مارکیٹ مینیجمنٹ کمپنی راولپنڈی ڈویژن کے ایم ڈی محمد یونس نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن کی مستقل مویشی منڈیوں میں مکمل صاف ستھرے ماحول سمیت دیگر سہولیات بلانرخ فراہم کر دی گئی ہیں۔ محمد یونس نے بتایا کہ کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام تمام منڈیوں میں کسی قسم کی انٹری فیس یا دیگر فیس نہیں ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ کیٹل مارکیٹس کے قیام اور ان کی اپ گریڈیشن کا بنیادی مقصد دودھ اور گوشت کی ضروریات کو احسن طریقے سے پورا کرنا اور عید قرباں کے مواقع پر شہریوں کو قربانی کے جانوروں کی آسان خریداری کو یقینی بناناہے ۔

منیجنگ ڈائریکٹر محمد یونس نے کہا کہ ان مویشی منڈیوں میں پارکنگ کے نظام کو بھی فعال کر دیا گیا ہے جبکہ کمیشن ، فیس اور بھتہ مافیا کا مکمل خاتمہ کر دیا گیاہے ۔ انہوں نے بتایاکہ راولپنڈی ڈویژن کی مستقل مویشی منڈیوں میں مزید سہولیات کی فراہمی کے اقدامات بھی کر رہے ہیں تاکہ لائیو سٹاک کے اہم ترین شعبے کو مزید وسعت دے کر ملکی سطح پر گوشت و دودھ کی ضروریات کو بطریق احسن پورا کرنے میں معاونت مل سکے ۔