آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 41حلقوں میں پولنگ جمعرات 21 جولائی کو ہو گی

26لاکھ 74ہزار 586ووٹر 423امیدواروں میں سے آئندہ پانچ سال کیلئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کرینگے آزادکشمیر کے 29حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے دیگر جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ کانٹے دار مقابلے متوقع

اتوار 17 جولائی 2016 13:37

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 جولائی ۔2016ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 41حلقوں میں پولنگ جمعرات 21 جولائی کو ہو گی، 26لاکھ 74ہزار 586ووٹر 423امیدواروں میں سے آئندہ پانچ سال کیلئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کرینگے، بیلٹ پیپرز سمیت دیگر سامان کی ترسیل فوج کی نگرانی میں ہو گی ٗ پولنگ صبح 8بجے سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہے گی۔

پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس کے ساتھ ساتھ فوج کے جوان بھی تعینات ہوں گے۔ آزادکشمیر کے 29حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے دیگر جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلع میرپور میں 2لاکھ 33ہزار 518ووٹرز، 4حلقوں میں اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ ایل اے ون ڈڈیال میں کل ووٹوں کی تعداد 58ہزار 258ہے جبکہ یہاں 15امیدوار مدمقابل ہیں تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مسعود خالد، پیپلز پارٹی کے موجودہ وزیر افسر شاہد اور تحریک انصاف کے امیدوار اظہر صادق کے درمیان ہو گا۔

(جاری ہے)

ایل اے 2چکسواری میں 52ہزار 382ووٹرز 16امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے یہاں پر موجودہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کا مسلم لیگ (ن) کے نذیر انقلابی اور تحریک انصاف کے ظفر انور سے مقابلہ ہو گا۔ ایل اے 3میرپور شہر سے 59ہزار 494ووٹرز 7امیدواروں میں سے اپنا نمائندہ چنیں گے۔ یہاں اصل مقابلہ تحریک انصاف کے امیدوار سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری سعید کے درمیان ہو گا۔

حلقہ 4کھڑی شریف میں 63ہزار 394ووٹرز 10امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے یہاں اصل مقابلہ موجودہ ایم ایل اے اور پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری ارشد اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری رخسار کے درمیان ہو گا۔ ایل اے 5بھمبر برنالہ میں 75ہزار 4ووٹرز 13امیدواروں میں سے اپنا نمائندہ چنیں گے یہاں اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کرنل (ر) عبدالغنی نور ، پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری پرویز اشرف اور مسلم کانفرنس کے امیدوار مرزا شفیق جرال کے درمیان ہو گا۔

ایل اے 6سماہنی میں 76ہزار 372ووٹرز 17امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے یہاں اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ مقصود، آزاد امیدوار چوہدری علی شان اور تحریک انصاف کے چوہدری رزاق کے درمیان ہو گا۔ ایل اے 7بھمبر شہر سے 91ہزار 789ووٹرز 15امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے، یہاں اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری طارق فاروق اور آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق کے درمیان ہو گا۔

ایل اے 8کوٹلی شہر میں 87ہزار 206ووٹرز 9امیدواروں میں سے اپنا نمائندہ چنیں گے یہاں اصل مقابلہ مسلم کانفرنس کے موجودہ رکن ملک محمد نواز اور مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد یوسف کے درمیان ہو گا۔ ایل اے 9نکیال میں 83ہزار 39ووٹرز 6امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے، یہاں اصل مقابلہ سابق وزیراعظم سردار سکندر حیات کے فرزند سردار فاروق سکندر اور موجودہ وزیرحکومت جاوید بڈھانوی کے درمیان ہو گا جو پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔

ایل اے 10سہنسہ میں 89ہزار 661ووٹرز 6امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔ یہاں اصل مقابلہ موجودہ رکن اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ محمد نصیر، تحریک انصاف کے چوہدری محمد اخلاق اور پیپلز پارٹی کے چوہدری مظہر حسین کے درمیان ہو گا۔ ایل اے 11چڑھوئی میں 14امیدواروں میں سے 96ہزار 796ووٹرز اپنا نمائندہ منتخب کریں گے یہاں اصل مقابلہ موجودہ سینئر وزیر اور پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری محمد یاسین اور مسلم لیگ (ن) کے راجہ اقبال کے درمیان ہو گا۔

ایل اے 12کھوئی رٹہ میں کل ووٹروں کی تعداد 86ہزار 137ہے جو 12امیدواروں میں سے اپنا نمائندہ چنیں گے یہاں اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ نثار، پیپلز پارٹی کے امیدوار اور موجودہ وزیر مطلوب انقلابی اور تحریک انصاف کے امیدوار رفیق نیئر کے درمیان ہو گا۔ ایل اے 13غربی باغ میں 83ہزار 718ووٹرز 11امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے یہاں اصل مقابلہ سابق وزیراعظم اور مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان، جماعت اسلامی کے امیدوار میجر (ر) لطیف خلیق اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ افتخار یعقوب کے درمیان ہو گا۔

ایل اے 14وسطی باغ میں ووٹروں کی کل تعداد 79ہزار 149ہے۔ یہاں پر 8امیدوار مدمقابل ہیں، اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مشتاق منہاس، تحریک انصاف کے راجہ خورشید اور موجودہ وزیر اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار قمر الزمان کے درمیان ہو گا۔ ایل اے 15شرقی باغ میں 69ہزار 705ووٹرز 6امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے یہاں اصل مقابلہ موجودہ رکن اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار میر اکبر خان اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیاء القمر کے درمیان ہوگا۔

ایل اے 16حویلی میں 80ہزار 637ووٹرز 8امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے یہاں پیپلز پارٹی کے امیدوار خواجہ طارق سعید اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد عزیز کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ ایل اے 17پونچھ عباس پور میں کل ووٹروں کی تعداد 76ہزار 524ہے جبکہ یہاں 14امیدوار مدمقابل ہیں یہاں اصل مقابلہ مسلم کانفرنس کے امیدوار سردار عبدالقیوم نیازی، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد یاسین گلشن، پیپلز پارٹی کے امیدوار امجد یوسف اور تحریک انصاف کے امیدوار اصغر آفندی کے درمیان ہو گا۔

ایل اے 18پونچھ 4 میں 75ہزار 202ووٹرز 10امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے یہاں اصل مقابلہ موجودہ سپیکر اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار غلام صادق اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار خان بہادر خان کے درمیان ہو گا۔ ایل اے 19راولا کوٹ شہر میں کل ووٹروں کی تعداد 92ہزار 425ہے جبکہ یہاں 14امیدوار مدمقابل ہیں، یہاں اصل مقابلہ جموں وکشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے اتحادی امیدوار سردار خالد ابراہیم اور صدر آزاد کشمیر کی صاحبزادی فرزانہ یعقوب کے مابین ہو گا۔

ایل اے 20پاچھیوٹ میں ووٹروں کی کل تعداد 66ہزار 819ہے جبکہ یہاں سے 13امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں یہاں اصل مقابلہ جے کے پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار محمود اقبال اور مسلم کانفرنس کے امیدوار سردار صغیر چغتائی کے درمیان ہو گا۔ ایل اے 21پلندری میں ووٹروں کی کل تعداد 86ہزار 61ہے جبکہ یہاں پر 16امیدوار مدمقابل ہیں یہاں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ڈاکٹر نجیب نقی خان ، جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا سعید یوسف اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار محمد حسین کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہو گا۔

ایل اے 22بلوچ میں ووٹروں کی کل تعداد 80ہزار 82ہے یہاں امیدواروں کی کل تعداد 9ہے تاہم مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار فاروق احمد طاہر اور پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار فہیم ربانی کے درمیان ہو گا۔ ایل اے 23نیلم سے سابق سپیکر اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہ غلام قادر، پیپلزپارٹی کے موجودہ وزیر میاں عبدالوحید، مسلم کانفرنس کے مفتی منصور اور تحریک انصاف کے میاں اخلاق رسول کے درمیان اصل مقابلہ ہو گا یہاں ووٹروں کی کل تعداد 96ہزار 684ہے جبکہ 8امیدوار مقابلے میں ہیں۔

ایل اے 24مظفر آباد کوٹلہ میں رجسٹرڈ ووٹروں کی کل تعداد 69ہزار931ہے اور یہاں 15امیدوار میدان میں ہیں یہاں مقابلہ موجودہ وزیر اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار جاوید ایوب ،مسلم لیگ (ن) کی امیدوار نورین عارف، تحریک انصاف کے امیدوار تبارک علی اور مسلم کانفرنس کے امیدوار میر عتیق الرحمن کے درمیان ہو گا۔ ایل اے 25مظفر آباد میں لچھراٹ میں کل ووٹروں کی تعداد 61ہزار 313جبکہ امیدواروں کی کل تعداد 10ہے یہاں اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری شہزاد، پیپلز پارٹی کے امیدوار اور موجودہ وزیر بازل نقوی اور مسلم کانفرنس کے امیدوار مرتضیٰ گیلانی کے درمیان ہو گا۔

ایل اے 26مظفر آباد شہر میں ووٹروں کی کل تعداد 50ہزار 52ہے جبکہ یہاں 14امیدوار مدمقابل ہیں تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے موجودہ رکن افتخار گیلانی اور تحریک انصاف کے خواجہ فاروق احمد کے درمیان ہو گا۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار حنیف اعوان بھی نمایاں ہیں۔ ایل اے 27کھاوڑہ میں ووٹروں کی کل تعداد 87ہزار 989ہے اور یہاں پر 6امیدوار مدمقابل ہیں یہاں اصل مقابلہ موجودہ وزیر اور پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر ، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ عبدالقیوم اور مسلم کانفرنس کے امیدوار ثاقب مجید راجہ کے درمیان ہو گا۔

ایل اے 28ہٹیاں بالا سے مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر امیدوار ہیں یہاں کل ووٹروں کی تعداد 82ہزار 462ہے جبکہ امیدواروں کی تعداد 13ہے یہاں ان کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری اشفاق ظفر سے ہو گا۔ ایل اے 29لیپہ میں ووٹروں کی کل تعداد 77ہزار 529ہے یہاں 9امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ اصل مقابلہ موجودہ وزیر اور پیلزپارٹی کے امیدوار چوہدری رشید، مسلم کانفرنس کے امیدوار دیوان علی چغتائی اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

مہاجرین کے 12 حلقوں میں ایل اے 30 جموں I میں 26198 ووٹرز 13 امیدواروں میں سے انتخاب کریں گے۔ ایل اے 31 جموں II سے 17 امیدوار مد مقابل ہیں جبکہ یہاں ووٹروں کی کل تعداد 75684 ہے۔ ایل اے 32 جموں III میں ووٹروں کی کل تعداد 92133 اور امیدواروں کی کل تعداد 6 ہے۔ ایل اے 33 جموں IV سے 6 امیدوار مد مقابل جبکہ ووٹروں کی کل تعداد 93777 ہے۔ ایل اے 34 جموں V سے 69 ہزار 763 ووٹرز 8 امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔

ایل اے 35 جموں VI سے53224 ووٹرز 13 امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔ ایل اے 36 ویلی I میں ووٹروں کی کل تعداد 4381 جبکہ امیدواروں کی تعداد 9 ہے۔ ایل اے 37 ویلی II سے ووٹروں کی کل تعداد 3935 جبکہ امیدواروں کی کل تعداد 6 ہے۔ ایل اے 38 ویلی III سے ووٹروں کی کل تعداد 4070 جبکہ امیدواروں کی تعداد 4، ایل اے 39 ویلی IV سے ووٹروں کی کل تعداد 3584 جبکہ امیدواروں کی کل تعداد 5 ہے۔

ایل اے 40 ویلی V سے 6257 ووٹرز 8 امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔ ایل اے 41 ویلی VI سے 5878 ووٹرز 4 امیدواروں میں سے اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔ کل رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 26 لاکھ 74 ہزار 586 ہے جن میں 11 لاکھ 90 ہزار 839 خواتین اور 14 لاکھ 83 ہزار 747 مرد ووٹر شامل ہیں۔ پولنگ کے دوران غربی باغ، حویلی، چڑھوئی، لچھراٹ، کھاوڑہ، نکیال، بھمبر شہر کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج کے 4 جبکہ معمول کے پولنگ اسٹیشنوں پر دو جوان تعینات ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ پولیس، ایف سی کے جوان بھی تعینات ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کا مرکزی کنٹرول روم مظفر آباد میں قائم کیا گیا ہے۔