لاہور میں شدید بارشیں، مکانات کی چھتیں گرنے سے 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق،6زخمی

ٹرانسارمرز جلنے اور فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی غائب، سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کرنے لگیں

اتوار 17 جولائی 2016 11:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 جولائی ۔2016ء ) شدید بارشوں کے باعث لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جب کہ مختلف علاقوں میں مکانات کی چھتیں گرنے کے واقعات میں 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

گزشتہ رات لاہور میں ہونے والی شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کرنے لگیں جب کہ ٹرانسفارمرز جلنے اور فیڈر ٹرپ ہونے سے گلبرگ جیسے پوش علاقے سمیت کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی ۔

لاہور کے علاقے بند روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، جاں بحق اور زخمی بچوں کی عمریں 4 سے 10 سال کے درمیان ہیں، مصطفی ٹاوٴن میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے جب کہ شمع اچھرہ کے علاقے میں مکان کی چھت گرنے سے باپ جاں بحق اور بیٹا زخمی ہو گیا۔