کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل کا گریٹر اقبال پارک کا دورہ

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 20:24

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے گریٹر اقبال پارک کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات وثوق سے کہا جا سکتی ہے کہ اس عظیم و خوشنما پارک کے بہت بڑے حصے کو امسال 14۔اگست پر عوام کے لیے کھول دیا جائے گا جبکہ پارک کے اندر بننے والے ہسٹری میوزیم کو اکتوبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پارک میں بڑی تیزی سے کام جاری ہے اور پرائیویٹ فرم کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ کام کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے مزید ہنرمند افراد اور لیبر میں اضافہ کریں۔ انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے کے ہمراہ اقبال پارک میں بننے والی روشوں پر کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس پارک کا افتتاح کرانے کے لیے 33 دن باقی ہیں اور انشاء الله ہسٹری میوزیم کے علاوہ پارک اپنی باقی تمام خوبصورتیوں کے ساتھ عوام کے لیے مہیا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقبال پارک کے علاقے سے بارشی پانی کو پارک میں آنے سے روکنے کے لیے ایل ڈی اے اقبال پارک کے اردگرد ڈرین بنائے گا جس کے لیے ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اردگرد کے علاقوں اور سڑکوں کا پانی جو پہلے اقبال پارک میں جمع ہو جاتا تھا اب وہ ڈرین کے ذریعے نکاس کیا جائے گا۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک لاہور کی خوبصورتی میں ایک تاریخی و ثقافتی حیثیت اختیار کرے گا۔

کمشنر لاہور نے آج گریٹر اقبال پارک میگا پراجیکٹ میں کام کی رفتار اور اہداف کا جائزہ لینے کے لیے اقبال پارک کے اندر اجلاس طلب کیا اور پارک کا خود دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی جی پی ایچ اے، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عثمان خان خالد، اے سی پروٹوکول سید منور اور پی ڈی اقبال پارک چوہدری عابد سلطان بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :