Live Updates

پی ٹی آئی کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا اعلان

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 20:22

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین کی چیئرمین سیکرٹریٹ لاہور میں پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید سمیت مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔ جن میں واضح کیا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں گورنمنٹ کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا گیا، عوام رابطہ مہم کو تیز کرنے اور پنجاب میں اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کا ٹاسک دیا گیا،پانامہ لیکس پراپوزیشن جماعتیں متحد ہو کر نوازشریف فیملی کا احتساب چاہتی ہیں ، پانامہ لیکس انٹرنیشنل ایشو ہے جس میں مختلف ممالک کے سربراہوں نے پانامہ لیکس میں نام پر آنے پر استعفے دیئے ، (ن) لیگ کے درباری پانامہ لیکس کے ایشو کو دبانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ نوازشریف فیملی کا نام پانامہ لیکس میں آنے پر احتساب نہ ہو، لیکن اب ایسا نہیں ہوگا جس جس نے بھی کرپشن کی ہے اس کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑ اکیا جائے گا ، ملکی دولت لوٹنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

جہانگیر ترین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مظلوم کشمیری عوام کے قتل عام پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ، عالم اسلام اور اقوام متحدہ کے نمائندوں سے مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کوفوری بند کروانے کی اپیل کی،انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کا خون ضرور رنگ لائے گا اور کامیابی کشمیری عوام کا مقدر بنے گی، تحریک انصاف کشمیری عوام کے حقوق کی جنگ ہر فورم پر لڑے گی اور انہیں تنہاء نہیں چھوڑے گی۔

جہانگیر ترین سے جاوید نیازمنج کی سربراہی میں کسانوں کے وفد نے ملاقات کی اورکسانوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، حکومت کسانوں کامعاشی استحصال کررہی ہے ، شہبازشریف کی طرف سے کسان پیکیج محض اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے ، حکومت نے انڈیا سے سبزیوں کی برآمد کرکے زمینداروں کے پاؤں پر کلہاڑا مارا ہے جس سے غریب کسانوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے اور روزمرہ زندگی کی ضروریات کو پورا کرنے میں پریشانی سے دوچار ہیں، کسانوں کے وفد نے جہانگیر ترین کو یقین دلایا کہ چیئرمین عمران خان کی طرف سے اعلان کی گئی احتجاجی تحریک میں بھرپور حصہ لیں گے اور کرپٹ حکمرانوں کے احتساب تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :