مسائل ومشکلات کی دلدل سے ملک وقوم کو باہر نکالا جارہا ہے،رانا عبدالستار

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 20:04

سیالکوٹ(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی رانا عبدالستار نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک وقوم کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کا عزم کررکھا ہے اسی وجہ سے مسائل ومشکلات کی دلدل سے ملک وقوم کو باہر نکالا جارہا ہے جس میں حکومت کو بڑی حد تک کامیابی بھی ہوئی ہے ۔ اگوکی میں اپنے عوامی رابطہ دفتر میں معززین علاقہ اور کارکنوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان بنایااور مسلم لیگ ہی پاکستان کو مسائل ومشکلات سے باہر نکال کر ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنائے گی تاہم جو لوگ ملک وقوم کے خلاف منفی سیاست کررہے ہیں انہیں ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی ناکامی کا ہی سامنا کرنا پڑے گا ۔

رکن صوبائی اسمبلی رانا عبدالستار نے کہا کہ پاک فوج کی عظیم جدوجہد کے نتیجہ میں پاکستان سے دہشت گردی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے کیونکہ اب دہشت گردوں کو عبرت کا نشان بنادیا جائے گا اور ساری پاکستانی قوم چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی قیادت میں متحد ہے اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پوری قوم پاک فوج کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان عظیم اسلامی فلاحی مملکت ہوگا اور بانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح اور مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے پاکستانی قوم ترقی یافتہ قوم ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہ ہے ۔