نوشہرہ میں وکلاء کا احتجاج

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 19:59

نوشہرہ (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ بار کے صدر اعجاز احمدایڈوکیٹ کے گھر پر چھاپے اور پیر فیاض ایڈوکیٹ کے خلاف تین ایم پی او کے تحت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے خلاف نوشہرہ بھر کے وکلاء نے عدالتوں کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے خلاف کچہری چوک میں روڈ بلا ک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

وکلاء نے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ڈسٹرکٹ بار نوشہرہ کے مجلس عاملہ کے ہنگامی اجلاس میں ڈی سی ، اے سی اور تحصیلداروں کے عدالتوں کا بائیکاٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔پیر فیاض ایڈوکیٹ نے اپنی وارنٹ گرفتاری کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دیدی جبکہ بار کے صدر اعجاز احمدایڈوکیٹ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوشہرہ کو بائیس اے کے تحت ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے خلاف درخواست آج جمع کرائیں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق نوشہرہ ڈسٹرکٹ بار کے وکیل پیر فیاض ایڈوکیٹ نے ایک مبینہ کیس کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ افتخار عالم کو حکم امتناعی کے لئے درخواست دی ۔ اسی دوران ڈی سی نوشہرہ اور پیر فیاض ایڈوکیٹ میں کسی بات پر تکرار ہوگئی اور ڈی سی نے فائل پیر فیاض ایڈوکیٹ پر پھینک دی۔ جس پر وکیل پیر فیاض ایڈوکیٹ نے معاملہ بار کے صدر کے سامنے اٹھایا ۔

جس پر بار کے صدر اعجاز احمد نے ڈی سی اور اے سی کی عدالتوں کے بائیکاٹ کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔ جس پر ڈی سی نوشہرہ نے پیر فیاض ایڈوکیٹ کے تین ایم پی او کے تحت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔پولیس نے متعدد بار پیر فیاض ایڈوکیٹ کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا مگر وہ موجود نہیں تھے۔ جس پر پولیس نے بار کے صدر اعجاز احمد ایڈوکیٹ کے گھر پر چھاپہ مارا۔

جس پر ڈسٹرکٹ بار نوشہرہ کے وکلاء مشتعل ہوگئے اور مجلس عاملہ کا اجلاس بھلا کر ڈی سی نوشہرہ کے خلاف کچہری چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ وکلاء نے ڈی سی کو برخاست کرو کے نعرے لگائیں۔اور مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وکلا ء قائدین نے حکومت سے ڈی سی کی برخاستگی کا مطالبہ کیا۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں ڈی سی، اے سی اور تحصیلداروں کے عدالتوں کا بائیکاٹ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر بار کے صدر اعجاز احمد ایڈوکیٹ نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نوشہرہ کو بائیس اے کے تحت ڈی سی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے لئے درخواست آج جمع کرائیں گے۔ جبکہ پیر فیاض ایڈوکیٹ نے پشاور ہائیکورٹ میں تین ایم پی او کے تحت جاری وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کردیا۔

متعلقہ عنوان :