سرگودھا اجنالہ روڈ کو دو رویہ کرنے کیلئے سمری تیار

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 19:50

سرگودھا (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) سرگودھا اجنالہ روڈ پر آئے روز ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر محکمہ ہائی وے نے سرگودھا اجنالہ روڈ کو دو رویہ کرنے کیلئے سمری تیار کی ہے جو ارکان اسمبلی کو دی جائیگی اس روڈ پر ٹریفک کا بڑھتا ہوا دباؤ حادثات کا موجب بننے لگا ہے مذکورہ روڈ سے سرگودھا‘ بھلوال‘ بھیرہ‘ منڈی بہاؤالدین‘ گجرات‘ سیالکوٹ‘ راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ پشاور‘ چکوال‘ جہلم اور اسی طرح دیگر شہروں کو ٹریفک جاتی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں گاڑیاں اس سڑک سے گزرتی ہیں جس کی وجہ سے اس روڈ پر حادثات معمول بن گئے ہیں محکمہ ہائی وے نے اس روڈ کو دو رویہ کرنے کیلئے سفارشات کی ہیں اور اس کی باقاعدہ سمری تیار کرکے سرگودھا کے ارکان اسمبلی کو دی جائیگی تاکہ اس روڈ کو دو رویہ کرنے کیلئے حکومت سے فنڈز حاصل کئے جاسکیں۔