جماعت اسلامی کا یکجہتی کشمیر تحریک اور لاہور سے واہگہ تک مارچ کا اعلان

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 12 جولائی 2016 19:44

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی12 جولائی ۔2016ء ) جماعت اسلامی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت ، اقوامِ عالمی کی اس معاملے پر خاموشی پر تشویش اور کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور پندرہ سے اکتیس جولائی تک صوبے بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے منظم تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت بیس جولائی کو لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس جبکہ اکتیس جولائی کو لاہور سے واہگہ بارڈر تک پر امن کشمیر مارچ ہوگا ۔

یہ ا علان جماعت اسلامی پبجاب کے امیر میاں مقصود احمد نے دیگر عہدیداروں کے ساتھ منگل کے روز پریس کانفرنس میں کیا ہے اور بتایا ہے کہ یکجتی کشمیر تحریک کے دوران مختلف مقامات پر تحریکِ آزادی کیمپ لگائے جائیں گے اور پر امن ریلیاں نکالی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی نے کشمیر کے معاملے پر حکومت پاکستان کی پالیسی کو کمزور قراردیا ہے اور کہا ہے کہ ایک طر ف بھارت مقبوضہ کشمیرت میں نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے اور پی آئی اے کے دفاتر پر حملوں کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں تو دوسری جانب پاکستان کی حکومت نے صرف یہ ایکشن لیا ہے کہ حکومتِ ہند کو صرف ایک مراسلہ لکھا ہے جو ناکافی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کی حکومت انتہا پسندوں کی پشت پناہی کررہی ہے لیکن اقوامِ عالم نے ابھی تک اس کا نوٹس نہیں لیا ، بھارت کے یہ مظالم اور انتہا پسندئی خطے کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے ، عالمی برادری کو فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرانا چاہئیں اور پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے بصورتِ دیگر دونوں ملکوں میں ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے جس سے دو ارب انسان لقمہ اجل بن سکتے ہیں اور کروڑوں انسان قحط کا زکار ہوسکتے ہیں ۔