امجد صابری کے قاتلوں کو فوری طورپر گرفتار کیا جائے،مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر

پیر 11 جولائی 2016 21:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے لیاقت آباد میں معروف قوال امجد فرید صابری کے گھر جاکر ان کے بھائی ثروت صابری اور عظمت صابری سے تعزیت کی اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ امجد صابری پاکستان کا بڑا سرمایہ تھے اور ان کے قاتل اگر گرفتار نہ کئے گئے تو اس کے ملک میں منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

اس لئے فوری طورپر قاتلوں کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ امجد صابری کراچی ہی نہیں پاکستان بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں اپنی منفرد شناخت رکھتے تھے ۔ انہوں نے جس طرح اپنی قوالیوں کے ذریعے صوفیائے کرام کے پیغام کو عام کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت میں بیٹھے اندرون سندھ کے وہ لوگ جنہیں کراچی اور شہری علاقوں کے عوام سے کوئی سروکار نہیں انہیں کی نااہلی کی وجہ سے امجد صابری جیسے لوگ سرے راہ شہید کردیئے جاتے ہیں اور صوبائی حکومت سوائے لفظی ہمدردی کے عملی طورپر کچھ نہیں کرتی۔

اس سے پہلے بھی اس شہر میں انتہائی ہائی پروفائل افراد دہشت گردی کی نذر ہوچکے ہیں لیکن ان کے قاتلوں کو نہ تو گرفتار کیا گیا اور نہ ہی ان کے لواحقین کی کوئی داد رسی کی گئی۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ صوبائی حکومت کراچی کے عوام کو تحفظ دینے کے بجائے کراچی کے وسائل کو لوٹ کر اندرون سندھ اور بیرون ملک منتقل کررہی ہے۔ کراچی میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی اور اس وقت جو امن اور اس حوالے سے جو صورتحال بہتر ہے اس کی بھی وجہ صرف اورصرف رینجرز کی ذاتی کوششیں ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ MIT امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری تک خاموش نہیں بیٹھے گی اور ہم اپنی سطح پر ان کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کوششیں اور آواز بلند کررہے ہیں۔ اب حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طورپر امجد صابری کے قاتلوں کو بے نقاب کرنا ہوگا ۔ بصورت دیگر پورے کراچی میں اس حوالے سے شدید ردِ عمل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :