مسلمان حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے متحد ہو جائیں، حرمِ مدینہ میں دہشتگردی کرنے والے جہنم کے کتے ہیں‘ خارجی فتنہ کی سرکو بی کیلئے امت کا اتحاد ضروری ہو چکا ہے، مودی کے یاروں کو آزاد کشمیر کے الیکشن میں شکست ہو گی

چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامدر ضا کی مختلف وفود سے بات چیت

پیر 11 جولائی 2016 21:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ہمارے حکمران ٹیکس چور ی اور منی لانڈرنگ کے مجرم ہیں، مسلمان حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے متحد ہو جائیں، حرمِ مدینہ میں دہشتگردی کرنے والے جہنم کے کتے ہیں، خارجی فتنہ کی سرکو بی کیلئے امت کا اتحاد ضروری ہو چکا ہے،عید قربان سے پہلے حکومت کی قربانی ہو گی، مودی کے یاروں کو آزاد کشمیر کے الیکشن میں شکست ہو گی۔

ان خیالات کاا ظہار انہوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت ہٹاؤ تحریک کی تیاریاں مکمل ہیں اور اب کو ئی معجزہ ہی حکومت کو بچا سکتا ہے۔آدم خور نظام نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔جمہوریت کو کرپشن کیلئے ڈھال کے طور پر استعمال کرنا خطرناک رجحان ہے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ خارجی ٹولہ اپنے سوا تمام مسلمانوں کو واجب القتل سمجھتا ہے۔

ملک کو قانون اورمساوات پر مبنی حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے۔امانت میں خیانت کے کلچر نے سیاسی ، سماجی اور معاشی نظام کو تباہ کردیا ہے۔عوام سے بیگانہ موروثی سیاست کو جمہوریت کہنا مذاق ہے۔اپوزیشن کا اتحاد توڑنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوسکتیں۔ حکمرانوں نے پانامہ لیکس کی تحقیقات نہ کرواکر اپنے لئے کنواں کھودا ہے۔چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ افغان مہاجرین نے دس لاکھ ملازمتوں پر قبضہ کررکھا ہے۔افغان مہاجرین کی واپسی ناگزیر ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نام نہاد جمہوری طماشے سے بیزار ہے۔عدل و انصاف پر مبنی پاکیزہ معاشرہ قائم کرنے کی ضروت ہے۔