نا اہل اور کرپٹ قیادت خطہ میں پاکستان کے مفادات کا تحفظ نہیں کر سکتی،ڈاکٹر طاہر القادری

وزیر اعظم اپنے بھارتی ہم منصب ”دوست“ سے پوچھیں بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کیوں ہو رہا ہے ؟ سربراہ عوامی تحریک آج اہم پریس کانفرنس کریں گے ،قومی مشاورتی اجلاس کی تیاریاں شروع

پیر 11 جولائی 2016 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جولائی ۔2016ءپاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور نہتے کشمیری عوام کا قتل عام قابل مذمت اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے،تشدد کا یہ سلسلہ فی الفور بند ہونا چاہیے ۔تشدد کی تازہ لہر سے خطہ کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔بھارتی وزیر اعظم سے ذاتی تعلقات رکھنے والے وزیر اعظم پاکستان اپنے ہم منصب اور ”دوست“ کو ٹیلی فون کر کے پوچھیں کہ بے گناہ کشمیریوں کو قتل کیوں کیا جا رہا ہے؟ گذشتہ روز پارٹی کے سنیئررہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کی کوئی کشمیر اور خارجہ پالیسی نہیں ہے۔

قومی مفادات کی جگہ ذاتی مفادات لے چکے ہیں،کرپٹ، کمزور اور نا اہل قیادت خطہ کے اندر پاکستان کے مفادات کا تحفظ کرنے کے قابل نہیں رہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام پر امن انداز میں عالمی سطح پر اپنا تسلیم شدہ حق مانگ رہے ہیں ۔بھارت سے بہتر کون جانتا ہے کہ مسئلہ کشمیر بندوق کے زور پر حل نہیں ہو سکتا اگر یہ مسئلہ بندوق کے زور پر حل ہونا ہوتا تو اب تک ہو چکا ہوتا ۔

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی کے مطابق سربراہ عوامی تحریک آج 12 جولائی 4 بجے سہ پہر عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ 365 ایم بلاک ماڈل ٹاؤن لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری 31جولائی کو اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے سانحہ ماڈل ٹاؤن ،پانامہ لیکس اور دیگر قومی امور پر مشاورت کریں گے اور اس قومی مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔

سربراہ عوامی تحریک نے 31 جولائی کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کی دعوت دینے کیلئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جو اپوزیشن جماعتوں کے مرکزی قائدین کو مشاورتی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے گی ۔ دعوت دینے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :