'' جانے کی باتیں ہوئی پرانی ،خدا کیلئے اب آجاؤــ'' جڑواں شہروں ، لاہور اور فیصل آباد کی شاہراہوں پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصاویر والے بینرز آویزاں

پیر 11 جولائی 2016 21:21

اسلام آباد/ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصاویر والے بینرز ایک بار پھر راولپنڈی ، اسلام آباد، فیصل آباد اور لاہور کی مختلف شاہراہوں پر لگا دیئے گئے۔ جن پر لکھا ہے کہ'' جانے کی باتیں ہوئی پرانی ،خدا کیلئے اب آجاؤ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پیر کو بتایا گیا کہ آرمی چیف کی تصاویر والے بینرز ملک کے4بڑے شہروں اسلام آباد ، راولپنڈی، فیصل آباد اور لاہور کی مختلف شاہراہوں پر لگا دیے گئے ، اس سے قبل جون کے مہینے میں بھی ملک کے بڑے شہروں کی معروف شاہراہوں پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تصاویر والے بینرز لگائے گئے تھے جن پر لکھا تھا کہ خدا کیلئے جانے کی باتیں جانے دو، یہ بینرز ایک غیر معروف سیاسی جماعت مو وآن پاکستان کی طرف سے آرمی چیف کے اپنے مقررہ وقت پر ریٹائرمنٹ لینے کے متعلق دو ٹوک بیان سامنے آنے کے بعد لگائے گئے تھے۔

(جاری ہے)

یہ جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ بھی ہے۔ موو آن پاکستان نامی غیر معروف سیاسی جماعت نے ایک بار پھر آرمی چیف کی تصاویر والے بینرزنئے الفاظ کے ساتھ بڑے شہروں کی معروف شاہراہوں پر لگائے ہیں جن پر تحریرہے کہ جانے کی باتیں ہوئی پرانی، خدا کیلئے اب آجاؤ۔ یہ جماعت اس سے متعلق 15جولائی سے ملک گیر مہم چلانے کا اعلان بھی کر چکی ہے ۔ یہ بینرز لاہور کی معروف شاہراہ مال روڈ پر بھی لگائے گئے تھے جنہیں پارکس اینڈ ہارٹیکلچرز اتھارٹی ( پی ایچ اے) نے اتار دیا ۔