آرمی چیف کے وقت پر ریٹائرمنٹ کے اعلان سلام پیش کیا ، پاکٹ یونین جنرل راحیل شریف کی عزت اور ناموس کی دشمن ہے ، آرمی چیف کو ان سے ہوشیار رہنا چاہیے

مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو کی میڈیا سے گفتگو

پیر 11 جولائی 2016 21:21

آرمی چیف کے وقت پر ریٹائرمنٹ کے اعلان سلام پیش کیا ، پاکٹ یونین جنرل ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وقت پر ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تو ہم سب انہیں سلام پیش کیا ، پاکٹ یونین جنرل راحیل شریف کی عزت اور ناموس کی دشمن ہے ، جنرل صاحب کو ان سے ہوشیار رہنا چاہیے ۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ آرمی چیف نے دہشتگردوں کے خلاف جرات مندانہ اقدامات کئے ہیں اور ملک سے دہشتگردوں کا صفایا کیا ہے ۔

جنرل صاحب کی خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، جب انہوں نے وقت پر اپنا ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تو تب بھی ہم نے انہیں سلام پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو پتہ بھی نہیں ہوتا اور پاک آرمی دہشتگردوں کا صفایا شروع کر دیتی ہے ۔

(جاری ہے)

مولا بخش چانڈیو نے آرمی چیف کی حمایت سے متعلق آویزاں بینرز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکٹ یونین، راحیل شریف کی عزت اور ناموس کے دشمن ہیں ۔

جنرل صاحب کو ان سے ہوشیار رہنا چاہیے ۔مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ ایوب خان ، ضیاء الحق اور مشرف کے لئے بھی پاکٹ یونین کی طرف سے ثنا خوانی کی گئی ۔ ضیاء حمایت تحریک بھی بنائی گئی تھی مگر نتیجہ کچھ نہیں نکلا ۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ایسے بورڈ لگانے والوں کے مقاصد کیا ہیں اب یہ ڈھکی چھپی بات نہیں ہے ۔ آرمی چیف صاحب آپ کی لوگوں کے دل میں بڑی عزت اور احترام ہے ۔ امید ہے وہ جو بھی فیصلہ کریں گے اپنے نام ، عزت اور اصولوں کے مطابق ہی کریں گے ۔ ان ثنا خوانوں سے کسی کو آج کچھ بھی حاصل نہیں ہوا۔