ایدھی صاحب کی خدمات سے پاکستان کا سافٹ امیج و مثبت چہرہ دنیا بھر میں متعارف ہوا ‘ ڈاکٹر صالح ظہور

ان کی پوری زندگی سادگی، انکساری اور خدمت انسانیت سے مرقع تھی‘ مسلم لیگ شیر بنگال کے تحت تعزیتی اجلاس کا انعقاد

پیر 11 جولائی 2016 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء) آفتاب ایدھی غروب نہیں بلکہ طلو ع ہوا ہے ۔ وہ انسان دوست ، غریب پرور، شریف النفس و فرشتہ صفت خادم اعظم تھے ۔ان کی پوری زندگی سادگی، انکساری اور خدمت انسانیت سے مرقع تھی ۔ عبدالستار ایدھی کی طویل، مسلسل اور شاندار خدمات سے نہ صرف اہل وطن فیضیاب ہوتے رہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا سافٹ امیج و مثبت چہرہ دنیا بھر میں متعارف ہوا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ شیر بنگال کے قائد ڈاکٹر صالح ظہور نے گذشتہ روز PML (SB) مرکز میں مسیحائے انسانیت کے سانحہ ارتحال پر منعقدہ تعزیتی اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر مظفر احمد، سیکریٹری جنرل مولانا ابوالبشر مجددی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل مامون الرشید ایڈووکیٹ،سربراہ علماء ونگ مولانا عبدالحق بیانی، حاجی عبدالرحمن، مولانا محمود الحسن، ابو سعید، نور عالم ، محمد اسماعیل، عبدالحکیم ، قیصر میاں و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فخر ملت عبدالستار ایدھی کی خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر صالح ظہور نے کہا کہ وہ اپنے بے مثال مثبت اعمال کے باعث ہمارے قلوب و اذہان میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔ 1951 میں بہت معمولی سے بجٹ سے انہوں نے خدمت کے جس سفر کا آغاز کیا تھا وہ اب دنیا کے سب سے بڑے بجٹ والا فلاحی و رفاہی ادارہ ہے۔ عبدالستار ایدھی کو ان کے تمام فلاحی مراکز میں ابو کہہ کر پکارا جاتا تھا ۔ وہ حقیقتاً انسانیت کے لئے اپنے دل میں پدرانہ شفقت رکھتے تھے۔

وہ اپنا آرام و سکون لوگوں کی خدمت کیلئے تج دیتے ، زخمی، بیماروں کو اسپتال پہنچانے کیلئے اپنی نیندیں حرام کر لیتے ، بھوکوں کو کھانا کھلانے کیلئے سڑک کنارے جھولی پھلا کر بھیک مانگنے کھڑے ہو جاتے، یہ کام ایک باپ ہی کر سکتا ہے۔ ایدھی شہر کے ندی نالوں، سمندر کنارے سے ڈھونڈ ڈھونڈ کر ایسی لاشیں اٹھا لاتے جس کی سرانڈ میں کوئی کھڑا نہ رہ سکے وہ کیڑے پڑی ان مسخ لاشوں کو بھی اپنے ہاتھوں سے نہلا کر کفن دے کر دفنا دیتے ۔ انہوں نے ذات پات، برادری، رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر کراچی سے لیکر خیبر تک اور افغانستان سے لیکر امریکہ تک اپنی خدمات کا دائرہ وسیع کیا اور دنیا بھر میں پاکستان کا افتخار بن گئے۔