عوام کے جان و مال کے تحفظ اور سنگین جرائم کی بیخ کنی کے لئے ہر ضروری قدم اٹھایا جائے‘شہباز شریف

بچوں کے اغوا کی وارداتوں کا تجزیہ کرنے اورملوث گروہ کا سراغ لگانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت آئندہ اگر کہیں ون ویلنگ کا واقعہ ہوا تو ذمہ دار پولیس افسران کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی‘وزیر اعلیٰ پنجاب کا خطاب

پیر 11 جولائی 2016 20:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی بیخ کنی سمیت دیگر مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے -عوام کے جان و مال کے تحفظ اورسنگین جرائم کی بیخ کنی کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے اور بچوں کے اغوا کی وارداتوں کی روک تھام پرخصوصی توجہ مرکوز کی جائے- انہوں نے کہا کہ بچوں کے اغوا میں ملوث گروہ کا سراغ لگا کر اسے نشان عبرت بنایا جائے-اغوا کی وارداتوں کا تجزیہ کیا جائے اورملوث گروہ کا سراغ لگانے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اورسات روز کے اندر کیسوں پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے - وزیراعلی نے اجلاس میں موجود مغوی بچوں کے لواحقین کو گلے لگا کر دلاسہ دیا اور یقین دہانی کرائی کہ آپ فکر نہ کریں ،مغوی بچوں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنائی جائے گی-انہوں نے کہا کہ اغوا ہونے والے بچوں کے والدین کے دکھ کو سمجھتا ہوں -اس لئے بچوں کی بازیابی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے- وزیر اعلی نے کہا کہ ون ویلنگ کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہوا ہے - ون ویلنگ کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات ضروری ہیں - وزیر اعلی نے ون ویلنگ روکنے کے لئے بروقت کارروائی نہ کرنے پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کمیٹی وزیر اعلی معائنہ ٹیم کی رپورٹ کا جائزہ لیکر ون ویلنگ کے حوالے سے تساہل برتنے والوں کا تعین کرے-آئندہ اگر کہیں ون ویلنگ کا واقعہ ہوا تومتعلقہ پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی-انہوں نے کہا کہ 14 اگست کی آمد آمد ہے اس سے قبل ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے- وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ بس اڈوں ، ریلوے اسٹیشنوں اور رش والے مقامات کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے -انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری داخلہ نے امن عامہ کی صورتحال کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی-انسپکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ ڈکیتی ، سٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے - اغوا کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور جرائم کی بیخ کنی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں- اجلاس میں چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس ، سیکرٹری داخلہ اور پولیس حکام نے شرکت کی-بادامی باغ سے اغوا ہونے والے بچوں کے لواحقین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :