وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا ملالہ ڈے کے موقع پر پیغام

پیر 11 جولائی 2016 20:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ملالہ ڈے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم کی بہادر بیٹی ملالہ نے قوم کو جہالت کے اندھیروں میں دھکیلنے والوں کی سازشوں کو اپنے عزم اور حوصلے کے ذریعے شکست دی ہے۔ ملالہ یوسف زئی نے جہالت کے اندھیروں میں علم کی شمع روشن کی اور انتہا پسندوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

ملالہ تعلیم حاصل کرنے کی خواہشمند لڑکیوں کے لئے روشنی کی علامت ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملالہ ڈے کامقصد دنیا بھر میں تعلیم سے محروم لڑکیوں کیلئے حصول علم کے لئے کی جانے والی کوششوں کو تیز کرنا ہے۔ لڑکیوں کی تعلیم کیلئے آواز اٹھانے والی ملالہ کی جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ملالہ یوسف زئی ایک جدید، تحمل اور برداشت کے حامل پاکستان کا اصل چہرہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی نے تعلیم کے فروغ میں جو قربانی دی ہے وہ رائیگاں نہیں جائے گی اور انتہا پسند عناصر کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ملالہ یوسف زئی پاکستان کا فخر، شناخت اور بہادری کی علامت ہے۔ ملالہ یوسف زئی پوری دنیا میں امن اور علم کی پیامبر کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ ملالہ نے قوم کو جہالت کے اندھیروں میں دھکیلنے والوں کی سازشوں کو ناکام بنایا اور بربریت کے دور میں امن اور علم کی شمع روشن کرکے انتہا پسندی کی سوچ کو شکست دی ہے کیونکہ ہمیں تعلیم کو عام کرکے اسے موثر ہتھیار بنا کر انتہا پسندی کو شکست دینا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے کے ہر بچے اور بچی کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ملالہ کے مشن کو ہر قیمت پر آگے بڑھایا جائے گا اور صوبے کے ہر بچے کو سکول بھیج کر ملالہ یوسف زئی کے خواب کی تعبیر کریں گے۔