گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کا لاہور میں ایدھی ہیڈ آفس کا دورہ ، عبدالستار ایدھی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی

عبدالستار ایدھی پاکستان کا اثاثہ ہیں انہوں نے بلا تفریق بے لوث انسانیت کی خدمت کر کے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا

پیر 11 جولائی 2016 20:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی مرحوم عظیم سماجی کارکن اور عہد ساز شخصیت ہی نہ تھے بلکہ ان کی پوری زندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ عزت اورشہرت ،دولت و ثروت کی حرص میں نہیں بلکہ خدمت انسانی سے عبارت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایدھی ہیڈ آفس کے دورے کے دوران سینٹر میں موجودسٹاف اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

گورنر پنجاب نے مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی قربانی ،ایثار اور خدمت کا دوسرا نام تھا ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی دوسروں کے دکھ بانٹنے اور انہیں آرام پہنچانے میں صرف کر دی، اُن کا مشن ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے اورہم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ جذبہ انسانیت کو دلوں میں رکھ کر لوگوں کے کام آئیں ، دوسروں کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھیں تاکہ ایک مثالی معاشرہ قائم ہو سکے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ انسان آتے ہیں چلے جاتے ہیں ،جذبے ابھرتے ہیں اور ماند پڑ جاتے ہیں لیکن ایک جذبہ ایسا ہے جسے کبھی موت نہیں آتی وہ جذبہ خدمت خلق ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عبدالستار ایدھی کی مخلوق خدا کے حوالے سے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ایسے لوگ صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کا اثاثہ ہیں انہوں نے بلا تفریق بے لوث انسانیت کی خدمت کر کے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔گورنر پنجاب نے ایدھی ہیڈ کوارٹر میں عبدالستار ایدھی کے انتقال پر دلی تعزیت کی اور ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور اُن کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی ۔