آصف علی زرداری کی مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتل اور متعدد کشمیری رہنماؤں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت

کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے ، سابق صدر بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے قتل کا نوٹس لے ، بیان

پیر 11 جولائی 2016 18:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے قتل اور متعدد کشمیری رہنماؤں کی گرفتاریوں کی سخت مذمت کی ہے اور بین الاقوامی برادری سے کہا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں کا سخت نوٹس لیں۔

ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ انہیں اس بات پر سخت دھچکہ لگا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سکیورٹی فورسز نے ان معصوم کشمیریوں پر گولی چلائی ہے جو اپنے جائز حقوق کے لئے احتجاج کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے کچھ علاقوں میں حالیہ احتجاجوں کے سلسلے اس لئے ہیں کہ بھارتی حکام کشمیریوں کے حقوق کو غصب کئے ہوئے ہیں جبکہ بھارتی حکام کو یہ جائزہ لینا چاہیے کہ کشمیری عوام دہلی کی حکومت کے خلاف کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے اور یہی ایک واحد حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے قتل کا نوٹس لینا چاہیے اور یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہوگی کہ بین الاقوامی برادری ان معصوم لوگوں کو بھارتی ظلم کے رحم و کرم پر چھوڑ دے۔

متعلقہ عنوان :