مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کا 15جولائی کو ملک بھر میں یوم تحفظ حرمین الشرفین منانے کا اعلان

حرمین الشریفین کے تحفظ ،سلامتی کیلئے حکومت پاکستان سے سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل ،سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے کیے جانیوالے انتظامات قابل تحسین ہیں ،ہم پاکستانی عوام کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں‘ پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور تمام مسلم مکاتب فکر کے قائدین کی مشترکہ پریس کانفرنس

پیر 11 جولائی 2016 18:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) پاکستان کی مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے حرمین الشریفین کے تحفظ اور سلامتی کیلئے حکومت پاکستان سے سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل کرتے ہوئے 15 جولائی کو ملک بھر میں یوم تحفظ حرمین الشریفین منانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے کیے جانے والے انتظامات قابل تحسین ہیں اور ہم سعودی عرب کی حکومت او ر عوام کو پاکستانی عوام کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں ۔

حرم مسجدنبوی ؐ کے تحفظ اور سلامتی کیلئے شہید ہونے والے سعودی سلامتی کے اداروں کے جوانوں کو محسن امت کا خطاب دیتے ہوئے ان کیلئے اعزازی شیلڈ جاری کرنے اور ارض حرمین الشریفین کے خلاف ہونے والی سازشوں اور تکفیری فتنوں کی سازشوں سے آگاہی کیلئے ملک گیر مہم چلانے کا اعلان کیا ہے اور 14 جولائی کو اسلام آباد میں مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کا نمائندہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات آج پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پندرہ سے زائد مذہبی و سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور تمام مسلم مکاتب فکر کے قائدین نے کہی۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ، جمعیت اہلحدیث کے مولانا غلام اﷲ خان ، جمعیت علماء پاکستان کے مولانا سردار محمد خان لغاری ، سنی اتحاد کونسل سواد اعظم کے پیر محفوظ مشہدی ، جمعیت علماء امامیہ کے مولانا غلام اکبر ساقی ، وفاق المساجد پاکستان کے مولانا محمد ایوب صفدر ، انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مولانا عبد الحمید وٹو ، تحفظ مدارس دینیہ (رجسٹرڈ) کے مولانا محمد طیب ، جمعیت علماء اسلام کے مولانا محمد عبد اﷲ ، جمعیت مشائخ اہلسنت پاکستان کے پیر سیف اﷲ خالد، مولانا سلیم زاہد ، حافظ محمد امجد، مولانا شبیر احمد عثمانی ، مولانا اسد اﷲ فاروق ، مولانا محمد مشتاق لاہوری، مولانا شعیب الرحمن اور دیگر قائدین نے سعودی عرب کے دیگر شہروں اور مدینہ منورہ میں بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ اور اسلامی ممالک میں فتنہ وفساد پھیلانے اور بے گناہ انسانیت کے قتل عام کیلئے داعش جیسے گروہ اسلامی ممالک میں تخریب کر رہے ہیں۔

ان گروہوں کا مقصد اسلامی دنیا میں انتشار پیدا کر کے عالم اسلام اور مسلمانوں کو کمزور کرنا ہے ۔ لہذا مسلم نوجوانوں کو ان تکفیری اور خارجی گروہوں سے بچانے کیلئے علماء اسلام اور مفکرین کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔ قائدین نے سعودی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف بننے والے عسکری اتحاد کی مکمل حمایت و تائید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ داعش اور حزب اﷲ جیسے گروہوں سے مسلم نوجوانوں کو بچانے کیلئے فکری اور نظریاتی اتحاد کے قیام کی طرف توجہ دی جائے ۔

ان قائدین نے سعودی عرب کے سلامتی کے اداروں کی طرف سے رمضان المبارک میں زائرین کیلئے امن و امان کے بہترین انتظامات پر سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان ، ولی عہد امیر محمد بن نائف اور نائب ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی خدمات کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حجاج اور زائرین کی خدمت اور ارض حرمین الشریفین کیلئے گذشتہ 86 سالوں سے آل سعود کی خدمات روز روشن کی طرح واضح ہیں اور سعودی عرب کی قیادت نے ہمیشہ امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کیلئے ہر قسم سے تعصبات سے بالا تر ہو کر کوششیں کی ہیں۔

متعلقہ عنوان :