طبی ماہرین کا سیلاب کے ممکنہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے اقدامات کی منصوبہ بندی پر زور

پیر 11 جولائی 2016 18:10

اسلام آباد ۔ 11 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جولائی ۔2016ء) طبی ماہرین نے آئندہ ممکنہ سیلاب کے علاقوں میں بیماریوں کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پرمنصوبہ تیار کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے قبل از وقت اقدامات اٹھائے جائیں بالخصوص کیمپوں میں صفائی ستھرائی سمیت پینے کے صاف پانی اور ادویات اور علاج معالجہ کے انتظامات پر توجہ دی جائے۔

پمز کے میڈیکل ایکسپرٹ ڈاکٹر وسیم خواجہ نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کا قیام اولین ترجیح ہونی چاہئے تاکہ ضروت مند مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص متعددی امراض کی روک تھام اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث لوگوں کی کثیر تعداد ایک جگہ سے دوسری جگہ نقل مکانی کرتی ہے جس کے باعث بیماریوں کے منتقل ہونے کا بھی خدشہ ہوتا ہے اور ضروری ہے کہ لوگوں کی صحت پر توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

پولی کلینک ہسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شریف استوری نے کہا کہ براہ راست میل جول بھی بیماریوں کے فروغ کا باعث ہو سکتا ہے جبکہ آلودہ پانی کے استعمال سے ہیضہ، گیسٹرو اور پیٹ کی بیماریوں کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ ہر طرح کے حالات میں صفائی ستھرائی کا خیال رکھا جائے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلہ میں کلورین اور پانی صاف کرنے کی ادویات استعمال کی جائیں تاکہ بیماریوں سے بچا جا سکے اور لوگوں میں آگاہی اور شعور پیدا کیا جائے تاکہ وہ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں۔

متعلقہ عنوان :