عبدالستار ایدھی پاکستان کی پہچان اوراثاثہ تھے‘روبی ہاشم

عبدالستار ایدھی کویہ اعزاز انکی انسانیت کی خدمت کے صلے میں ملا ہے‘صدر کرن ویلفیئر فاؤنڈیشن

پیر 11 جولائی 2016 18:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) کرن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی صدر روبی ہاشم نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کی پہچان اوراثاثہ تھے ، انہوں نے خدمت خلق کی عظیم بنیاد ڈالی اورزندگی بھر انسانیت کی خدمت کرکے ایک نیا باب رقم کیا،عبدالستار ایدھی پوری قوم کے ہیرو ہیں اور یہ اعزاز انہیں بلاوجہ نہیں ملا بلکہ ان کی انسانیت کی خدمت کے صلے میں ملا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایدھی کو ایدھی بنانے میں ان کا خلوص، نیک نیتی، انسانیت سے محبت، تشہیر سے مکمل بے نیازی اور سب سے بڑھ کر ان کی کئی عشروں پر محیط محنت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی پاکستان میں تبدیلی کے حقیقی علمبردار ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

وہ پاکستان کی پہچان اور اثاثہ تھے۔

ان کے انتقال سے ملک انسانیت کے سب سے بڑے خدمتگار سے محروم ہو گیا ہے۔ عبدالستار ایدھی نے زندگی بھر دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائے رکھا۔انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے اپنی ساری زندگی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کی اور وہ کام کئے جو حکمرانوں کے کرنے والے تھے مگر آج تک کسی حکمران نے ایدھی جیسے خدمت خلق کے کام نہیں کئے۔انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی نے سادہ زندگی گزاری اور ذات پات اور مذہب کی تمیز کئے بغیر صرف انسانیت کی خدمت کی۔