حکومت عبد الستار ایدھی کونشان پاکستان ،آٹھ جولائی کے دن کو سرکاری سطح پر انکے نام سے منانے کا اعلان کرے ‘ جمشید چیمہ

آج صرف پاکستانی قوم ہی نہیں عالمی ادارے بھی عبد الستار ایدھی کی انسانیت کے خدمات کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں تحریک انصاف کے رہنما کی طرف سے عبد الستار ایدھی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فتح گڑھ میں قرآن خوانی کا اہتمام

پیر 11 جولائی 2016 17:59

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ کی طرف سے معروف سماجی رہنما عبد الستار ایدھی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جبکہ اس موقع پر مرحوم کی انسانیت کیلئے خدمات کو بھرپور الفاظ میں خراج عقید ت بھی پیش کیا گیا ۔فتح گڑھ میں تحریک انصاف کے این اے 124کے مرکزی دفتر میں منعقدہ تقریب میں جمشید اقبال چیمہ ،مسرت جمشید چیمہ ،ایاز عمران، حاجی امداد حسین، اصر بٹ،میاں افتخار،حاجی صادق،خالد بٹ ،عبد الرحمن سمیت رہنماؤں ،کارکنوں اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

قرآن خوانی کے بعد اجتماعی دعا بھی کرائی گئی جس میں عبد الستار ایدھی کے درجات کی بلندی اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ظہار خیال کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عبد الستار ایدھی قوم کا اثاثہ تھے ۔قوم ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عبد الستار ایدھی تن تنہا ہزاروں بے سہارا افراد کا سہارا بنے ۔

ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کا یہی بہترین طریقہ ہے کہ ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے اور اسکے لئے ہر شخص اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا کہ آج صرف پاکستانی قوم ہی نہیں بلکہ عالمی ادارے بھی عبد الستار ایدھی کی انسانیت کے خدمات کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عبد الستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں ’’نشان پاکستان ‘‘ دینے اور آٹھ جولائی کے دن کو سرکاری سطح پر ’’عبد الستار ایدھی ‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کرے ۔

اس موقع پر مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عبد الستار ایدھی فخر انسانیت ہیں انہیں جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عبد الستار ایدھی کے مشن کو آگے لے کر جانے کے لئے ہر ممکن ساتھ دیا جائے گا۔