ڈی ایچ کیو وہاڑی میں ڈاکٹروں ،عملے کی لاپرواہی کے باعث 5 سالہ محمد حارث جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

لواحقین نے سیشن کورٹ میں مقدمہ دائر کرنے کی درخواست دیدی اور وزیراعلیٰ پنجاب سے واقعہ کا نوٹس لینے ، ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ

پیر 11 جولائی 2016 16:43

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وہاڑی میں ڈاکٹروں اورعملے کی لاپرواہی کے باعث 5 سالہ محمد حارث جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، لواحقین نے سیشن کورٹ میں مقدمہ دائر کرنے کی درخواست دیدی اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعہ کا نوٹس لیکر ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔

تفصیلات کے مطابق 30 جون کو پیپلز کالونی وہاڑی کے رہائشی رضوان صدیقی کے بیٹے محمد حارث کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وہاڑی لایا گیا اسے قے کی شکایت تھی ‘جہاں ڈیوٹی پر موجود چلڈرن سپیشلسٹ ڈاکٹر خالد نے بچے کو چیک نہیں کیا اور دوسرے کمرے میں دوستوں کے ساتھ گپ شپ میں مصروف رہے،محمد حارث صبح نو بجے سے شام چار بجے تک ہسپتال میں داخل رہا ‘ دوسرے ڈاکٹر نے بچے کو چیک کیا تاہم نہ ہی بچے کا معدہ صاف کر نے یا کوئی اور متعلقہ ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی گئی بلکہ اسے خون کی کمی کی شکایت قرار دیکر سینگوبیان سیرپ تجویز کرتے ہوئے چار دن تک دوبارہ آنے کی ہدایت کی ‘عینی شاہد کے مطابق اگلے ہی روز بچے کے پیٹ میں شدید درد ہوا اور اسے دوبارہ ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس وقت ڈاکٹر ہمایوں کامران ڈیوٹی پر موجود تھے، بچے کی حالت دیکھتے ہوئے اس کیلئے زینٹک انجکشن تجویز کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اہل خانہ کی طرف سے انجکشن فراہم کیا گیا لیکن نرسوں کی لاپرواہی اور غفلت کے نتیجے میں انجکشن ٹھیک طریقے سے نہ لگنے کے باعث بچہ دو منٹ کے اندر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا اس موقع پر لواحقین نے شدید احتجاج کیا لیکن ڈاکٹروں نے بچے کی موت کو طبعی قرار دیتے ہوئے اہل خانہ کے احتجاج کو ناجائز قرار دیدیا۔ بعد ازاں اہل خانہ نے شنوائی نہ ہونے پر پیر کو سیشن کورٹ میں مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دائر کردی ، اس موقع پر محمد حارث کے والد محمد رضوان صدیقی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم احتجاج نہیں کرنا چاہتے کیونکہ اس کے باعث دوسرے مریضوں کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں، ماضی میں بھی ڈسٹرکٹ ہسپتال وہاڑی میں بچوں کی اموات ہوئی تھی جس پر ڈاکٹروں نے ہڑتال کردی اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اس لئے ہم نے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی ہے تاکہ ہمیں انصاف ملے، انہوں نے وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف سے بھی اپیل کی کہ وہ واقعہ کا نوٹس لیں اور غفلت کا مظاہرہ کرنے والے ہسپتال عملے کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔

متعلقہ عنوان :